چینی سائنسدانوں کا کورونا کی دوا تیار کرنے کا دعویٰ


بیجنگ: چینی سائنسدانوں نے کورونا کی دوا تیار کرنے کا دعویٰ کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چینی سائنسدانوں نے دوا کا جانوروں پر کامیاب تجربہ بھی کر لیا ہے جبکہ امریکی بائیو ٹیک کمپنی نے بھی کورونا ویکسین کا انسان پر آزمائش کا پہلا مرحلہ کامیابی سے طے کر لیا۔

چینی ماہرین کا کہنا ہے کہ نئی دوا حیرت انگیز طور پر متاثرہ شخص کو تیزی سے صحتیاب کرتی ہے۔ دوا مریض میں قلیل مدت کے لیے وائرس کے خلاف مدافعتی نظام بھی پیدا کرتی ہے۔

بیجنگ یونیورسٹی کے بیجنگ ایڈوانسڈ اینوویشن سینٹر نے کہا ہے کہ دوا کی جانوروں پر کامیاب آزمائش کی گئی ہے۔

دوسری جانب امریکی کمپنی موڈرینا نے بھی کورونا ویکسین کا انسان پر آزمائش کا پہلا مرحلہ کامیابی سے طے کر لیا، موڈرینا کے چیف ایگزیکٹو افسر کا کہنا تھا کہ ویکسین کے پہلے آزمائشی مرحلے کی تکیمل کے بعد کمپنی ویکسین کی آزمائش کے دوسرے مرحلے کا آغاز جولائی میں کرے گی۔

عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے پوری دنیا میں ہلاکتوں کی تعداد 3 لاکھ 25 ہزار116 ہوگئی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 50 لاکھ 6 سو ہوگئی ہے۔

ہم نیوز نے عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ پوری دنیا میں اب تک اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت 19 لاکھ 58  ہزار سے زائد افراد کورونا کو شکست بھی دے چکے ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 لاکھ 70 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ 93 ہزار پانچ سو سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا: امریکہ کے نائب صدر قرنطینہ میں چلے گئے

روس میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 99 ہزار سے تجاوز کر گئی جب کہ 2 ہزار 800 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔

اسپین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 78  ہزارسے زائد ہو گئی ہے۔ اس طرح اسپین میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 27 ہزار 7 سو سے بڑھ گئی ہے۔

اٹلی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 26 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 32 ہزار ایک سو سے زائد ہو گئی ہے۔

ہم نیوز نے عالمی خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ برطانیہ میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد دو لاکھ 48 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں 35 ہزار 3 سو سے زائد افراد نے داعی اجل کو لبیک کہا ہے۔

فرانس میں ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد اب تک کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 28 ہزار2 سے بڑھ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں پابندیاں ہٹانےمیں جلدبازی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے، کینیڈین وزیراعظم


متعلقہ خبریں