رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئیں



لاہور: پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان اوروزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شاہین رضا کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ شاہین رضا پارٹی کا قابل قدر اثاثہ تھیں اور پارٹی کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’میں پارٹی کی دیرینہ کارکن کی رحلت پر دل گرفتہ ہوں‘۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا: پاکستان میں 985 اموات، 45 ہزار 898 افراد متاثر

گوجرانوالہ سے پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشست پر رکن اسمبلی بننے والی شاہین رضا کو رواں ہفتے گوجرانوالہ سے لاہور منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ میو اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ شاہین رضا پاکستان میں پہلی سیاستدان ہیں جن کا کووڈ 19 کے باعث انتقال ہوا ہے۔

خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری بھی کووڈ 19 میں مبتلا ہیں اور قرنطینہ میں ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کو سامنے آئے دو ماہ سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے۔ ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا۔

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی۔ اب تک ملک میں 985 اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق صوبہ پنجاب میں کل 16 ہزار 685 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا کے صوبہ خیبرپختونخوا میں 6 ہزار 554، بلوچستان میں 2 ہزار 885، آزاد کشمیر میں 133 اور گلگت بلتستان میں 556 کیسز رجسٹرڈ ہوچکے ہیں جبکہ اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی تعداد 1,138 تک جا پہنچی ہے۔

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 345 اموات ہوئی ہیں جب کہ سندھ 299، پنجاب289، بلوچستان38، اسلام آباد میں 09 اور گلگت بلتستان میں چار افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں