ٹرین آپریشن جزوی طور پر بحال ہوگیا


راولپنڈی: وزیرریلوے شیخ رشید نے بتایا کہ آج سے ٹرین آپریشن جزوی طور پر بحال ہوگیا ہے اور میں ٹرین چلانے کیلئے تعاون کرنے پر تمام صوبوں کا مشکور ہوں۔

شیخ رشید نے بتایا کہ ہم نے ٹرین آپریشن کوبحال کرنے کے لیے بہت کوششیں کی ہیں اور آج سے ملتان، سکھر، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور راولپنڈی سے ٹرینیں چلی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ریلوے اسٹیشنز پر ایس او پیز پر عملدرآمد کرا رہے ہیں۔ کوئٹہ، کراچی، راولپنڈی، لاہور، پشاور سے آج 30 ٹریننیں چلائی گئی ہیں۔

وزیر ریلوے نے بتایا کہ شروع میں ٹرین چلانے کے لیے کوئی صوبہ تیار نہیں تھا لیکن بات چیت مسئلہ حل کیا گیا اور سندھ حکومت نے بھی اعتراض نہیں کیا۔

لاہور ریلوے اسٹیشن پر آج اپ اور ڈاون کی 22 ٹرینوں سے مسافر روانہ ہوں گے۔ لاہور سے مسافر ملتان، سکھر، روہٹری، کراچی، کوئٹہ، پشاور جائیں گے۔

لاہور سے پہلی ٹرین سبک رفتار صبح ساڑھے سات بجے راولپنڈی روانہ ہوئی جبکہ علامہ اقبال ایکسپریس ساڑھے 9 بجے کراچی سے لاہور پہنچی۔

راولپنڈی سے سبک رفتار ٹرین دوپہر 12 بجے لاہور پہنچی۔علامہ اقبال ایکسپریس 12 بج کر 15 منٹ پر لاہور سے کراچی روانہ ہوئی اور شاہ حسنین ٹرین 2 بجکر 30 منٹ پر کراچی سے لاہور پہنچی ہے۔

گرین لائن ٹرین 3 بجکر 15 منٹ پر کراچی سے لاہور پہنچی اور عوام ایکسپریس 4 بجکر 45 منٹ پر کراچی سے لاہور پہنچی جبکہ تیز گام ٹرین 12 بجکر 45 منٹ پر کراچی سے لاہور پہنچی ہے۔

اسلام آباد ایکسپریس شام 6 بجے لاہور سے راولپنڈی روانہ ہو گی اور راولپنڈی سے واپس اسلام آباد ایکسپریس رات ساڑھے10 بجے لاہور پہنچے گی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ابتدائی طور پر ایس او پیزکے ساتھ 30 ٹرینیں چلانے کی منظوری دی ہے اور اگر یکم جون تک حالات بہتر ہوئے تو تمام ٹرینیں چلا دیں گے۔


متعلقہ خبریں