جب تک ویکسین نہیں آتی کورونا کے ساتھ رہنا ہوگا، وزیراعظم



اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لگتا ہے رواں سال کورونا وائرس رہے گا، اور جب تک ویکسین نہیں آتی اس وبا کے ساتھ رہنا ہوگا۔

اسلام آباد میں ٹیلی ہیلتھ پورٹل کے اجرا کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ سال کورونا وائرس کی دوا دریافت ہوجائے گی۔ جب تک ویکسین نہیں بن جاتی ہمیں کورونا کے ساتھ رہنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں ہیلتھ سسٹم پرزیادہ توجہ نہیں دی گئی۔ اللہ کا شکرہے پاکستان میں مغربی ممالک جیسےحالات نہیں ہیں۔ کورونا وائرس کے کیسز میں مزید اضافہ ہوگا۔

عمران خان نے کہا کہ کورونا ختم بھی ہوگیا تو پھربھی ٹیلی ہیلتھ پورٹل کی ضرورت پڑے گی۔کورونا وائرس کی وجہ سے بہت سے لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ ساری قوم کو مل کر کورونا وائرس کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بچوں کی تعلیم کے لیے پی ٹی وی پر ٹیلی اسکول کا اجرا کیا گیا ہے۔پاکستان کے بہت سے ایسے علاقے ہیں جہاں پہنچنا مشکل ہے۔  ٹیکنالوجی کے ذریعے دور دراز کے علاقوں کو تعلیم مہیا کیا جاسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا: ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو ساڑھے 30 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا

اس سے قبل معاون خصوصی تانیہ ادرس نے وزیراعظم کو ٹیلی ہیلتھ پورٹل پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پورٹل سے شہری کسی بھی ڈاکٹر سے فوراً رجوع کرسکتے ہیں۔ ٹیلی ہیلتھ پورٹل سے ڈاکٹرز اور مریضوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جاسکے گا۔


معاون خصوصی صحت ظفرمرزا  نے  وزیراعظم کوٹیلی ہیلتھ پورٹل پربریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ٹیلی ہیلتھ پورٹل کے ذریعےمریض ڈاکٹرز سے ہدایات لے سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیلی ہیلتھ پورٹل پاکستان کے ہیلتھ کیئرکا مستقبل ہے۔ تمام ڈاکٹرزسے درخواست ہے اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔ تمام ڈاکٹرزخود کو رجسٹرکرائیں۔ پاکستان میں میڈیکل کالجز میں لیڈی ڈاکٹرز کی تعداد زیادہ ہے۔


متعلقہ خبریں