کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان نے پہلا گولڈ میڈل جیت لیا


گولڈ کوسٹ : آسٹریلیا میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی کھلاڑی پہلا گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔

پاکستانی ریسلر انعام بٹ نے نائیجیریا کے پہلوان کو 0-6 سےشکست دے کر86 کلوگرام فری اسٹائل مقابلے میں سونےکا تمغہ جیت لیا۔

انعام بٹ کی کامیابی کے بعد پاکستان ایک سونے اور چار کانسی کے تمغوں کے ساتھ 22 ویں پوزیشن پرآگیا ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا (184)، انگلینڈ (119) اور انڈیا (57) اسکورز سے بتدریج پہلی تین پوزیشن پر براجمان ہیں۔

حالیہ دولت مشترکہ کھیلوں کے دوران پاکستانی کھلاڑی طلحہ طالب نے ویٹ لفٹنگ کی 62 کلوگرام کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ جیت کرفتوحات کا آغاز کیا تھا۔

کامن ویلتھ گیمز کے دوران پاکستان ہاکی ٹیم قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکی اور گروپ مرحلے کے چاروں میچ برابر کر کے تمغوں کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔

کامن ویلتھ گیمز 2018 میں 71 ممالک کے6600 کھلاڑی شرکت کررہے ہیں۔ پاکستان کی نمائندگی 56 رکنی دستہ کر رہا ہے۔

چار سے 15 اپریل تک جاری رہنے والے مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑی کل آٹھ کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

1930 میں شروع ہونے والے دولت مشترکہ ممالک کے کھیلوں میں پاکستان نے پہلی بار 1954 میں شرکت کی تھی۔


متعلقہ خبریں