رمضان المبارک کی 27 ویں شب: لیلۃ القدر کی تلاش

رمضان المبارک کی 27 ویں شب: لیلۃ القدر کی تلاش

اسلام آباد: رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں لیلۃ القدر کی تلاش میں حسب معمول ملک کے مختلف شہروں میں لوگوں کی بڑی تعداد نے خصوصی طورپرعبادت و ریاضت کا اہتمام کیا لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے زیادہ تر افراد نے مساجد کے بجائے گھروں پہ ذکر و اذکار کیا، تلاوت قرآن پاک کی اورنوافل ادا کیے۔

ملک بھر میں رمضان کی 27ویں شب مذہبی عقیدت سے منائی جارہی ہے

ملک کے مختلف شہروں سے موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق جن علاقوں میں صوبائی حکومتوں یا مقامی انتظامیہ کی جانب سے مساجد میں عبادت کرنے کی اجازت دی گئی تھی وہاں لوگوں نے سماجی فاصلے کو یقینی بناتے ہوئے نوافل ادا کیے، تلاوت کلام پاک کی، تسبیحات پڑھیں اور ذکر و اذکار کرتے ہوئے خالق حقیقی سے گناہوں پہ توبہ استغفار کرتے ہوئے مالک یوم الدین سے رحم و کرم طلب کیا۔

گھروں پہ عبادت کا اہتمام کرنے والوں نے رب تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہو کر کورونا وائرس سمیت تمام آفات و بلاؤں سے محفوظ رہنے کی دعا کی اور اللہ تعالیٰ سے مغفرت بھی طلب کی۔

شب بھر عبادت و ریاضت میں مصروف رہنے والوں نے اس موقع پر وطن کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کی خاص طور پردعائیں کیں اور رب تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ادا کیا کہ اس نے اسی عظیم رات میں مسلمانوں کو ایک علیحدہ وطن سے سرفراز فرمایا تھا۔

مختلف شہروں سے موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق بعض مساجد میں ختم القرآن اور شبینہ کی محافل کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

ان محافل میں شریک افراد نے سماجی فاصلے کو یقینی بناتے ہوئے خصوصی دعائیں کیں۔

ليلۃ القدر مذہبی عقیدت اور جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے

ستائیسویں شب کو لیلۃ القدر کی تلاش میں سحری تک خصوصی عبادت و ریاضت کا سلسلہ جاری رہا جس کے بعد مسلمانوں نے حسب معمول روزے کی نیت کر کے نماز فجر ادا کی۔


متعلقہ خبریں