عید کب ہوگی؟ وزارت سائنس اور رویت ہلال کمیٹی آمنے سامنے



اسلام آباد: وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور رویت ہلال کمیٹی عیدالفطر کے معاملے پر ایک بار پھر آنے سامنے آگئے ہیں۔

وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عید الفطر 24مئی کو ہوگی لیکن رویت ہلال کمیٹی 25مئی کو عیدمنانا چاہتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سائنس کے جدید دور میں رویت ہلال کمیٹی کی ضرورت نہیں ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ ایک پریس کانفرنس میں حقائق بتا عوام کے سامنے لائیں گے اور یہ بھی بتائیں گے کہ رویت ہلال کمیٹی پیر کو عید کیوں کرناچاہتی ہے۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ اس دفعہ کلینڈر کے مطابق عید24 مئی کو ہوگی اور دلچسپ بات یہ ہے کہ پوری دنیا میں24 تاریخ کو عید ہوگی۔

دوسری جانب وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی زیر صدارت اہم اجلاس جاری ہے جس میں تکنیکی ماہرین کی جانب سے وفاقی وزیر کو بریفنگ دی جارہی ہے۔ اجلاس میں رویت ہلال اجلاس کا حصہ بننے نہ بننے کا فیصلہ کیا جائے گا اور وفاقی وزیر فواد چوہدری لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

خیال رہے کہ جب سے فواد چوہدری نے جب سے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا قلمدان سنبھالا ہے وہ رویت ہلال کمیٹی کے خلاف رہے ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ قمری کیلنڈر کے بعد رویت ہلال کمیٹی کی کوئی ضرورت نہیں۔  وزارت مذہبی امور اور ان کی وزارت میں اختلاف ہے۔ سال میں زونل رویت ہلال کمیٹی کے 12 اورمرکزی رویت ہلال کمیٹی کے 4اجلاس ہوتے ہیں۔

قبل ازیں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ملک میں ایسا بے شعور طبقہ موجود ہے جس سے بات ہی نہیں کی جا سکتی تاہم باشعور طبقے کو بتانا چاہتا ہوں کہ عقل و علم سے ہی آگے بڑھ سکتے ہیں۔ رویت ہلال کمیٹی میں 80،80 سال کے بابے نہیں ہونے چاہئیں۔

اس سے قبل ملک میں دو گروہوں کے درمیان اختلاف تھا۔ ایک طرف مفتی شہاب الدین پوپلزئی تھے اور دوسری طرف رویت ہلال کمیٹی۔ تاہم فوادچوہدری کو وزارت سائنس و ٹیکنالوجی ملنے کے بعد معاملہ پھر ان کی وزارت اور رویت ہلال کمیٹی کے درمیان الجھ گیا ہے۔


متعلقہ خبریں