سندھ میں کورونا کے19ہزار424 کیسزرپورٹ، 336 افراد جاں بحق


کراچی: سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد19ہزار424 ہوگئی ہے اور336 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ان کے صوبے میں کوروناوائرس کیسز میں اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ 24گھنٹوں میں مزید 20افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ شاپنگ مالز اور مارکٹیں کھول دی گئی ہیں اور اس کے نتائج 14دن بعد سامنے آئیں گے۔

سندھ میں گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران 960نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور احتیاط ہی کوروناوائرس کا واحد حل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں سے اپیل ہے عید پر گھروں میں رہیں۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس سے پاکستان میں48091 افراد متاثر، 1017 جاں بحق

انہوں نے کہا کہ دنیا میں سب سے زیادہ آبادی والے شہر کورونا وائرس سے متاثر ہو رہے ہیں، ہمیں بھی بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن سخت کرنا چاہیے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہم نے صحت کی سہولیات بےتحاشہ بڑھائی ہیں۔ لاک ڈاوَن کےفوائد کےسبب ہی اسپتالوں میں بوجھ کم ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ شہروں میں رہنے والے عید پر اپنے گاؤں میں نہ  جائیں اور گھروں پر رہیں۔اگر دیہاتوں میں کورونا پھیل گیاتو کام کرنا مشکل ہوجائے گا۔ وزیراعظم بھی عید سادگی سے منانے کا قومی اعلان کریں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں بتیس افراد کورونا وائرس کے باعث دم توڑ گئے ہیں جب کہ دو ہزار ایک سو ترانوے نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

پنجاب میں سترہ ہزار تین سو بیاسی افراد کورونا سے متاثر ہیں۔ خیبر پختونخوا میں چھ ہزار آٹھ سو پندرہ، بلوچستان میں دو ہزار نو سو اڑسٹھ اور اسلام آباد میں ایک ہزار دو سو پینتیس افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ گلگت بلتستان میں پانچ سو اناسی اور آزاد کشمیر میں ایک سو اڑتالیس افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں جہاں 351 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں316، پنجاب297، اسلام آباد10، گلگت بلتستان4، بلوچستان38 اور آزادجموں و کشمیر میں1 شخص کورونا وائرس سے جاں بحق ہوا۔


متعلقہ خبریں