کورونا: پشاور میں قائم آشیانہ کے رہائشی یتیم بچوں کو رشتہ داروں کے پاس بھیج دیا گیا


پشاور: بے سہارہ، یتیم اور بے گھر بچوں کے لیے پشاور میں قائم “زمونگ کور” انتظامیہ نے کورونا کے خدشے کے پیش نظر اور ناکافی انتظامات کی بنا پر آشیانہ میں رہائش بزیر بچوں کو رشتہ داروں کے گھروں میں بھیج دیا

پشاور میں اسٹریٹ چلڈرن کے لیے قائم کیا گیا زمونگ کور کورونا وبا پھیلنے کی وجہ سے سنسان پڑا ہے۔  بے گھر بچوں کے لیے بنایا محفوظ آشیانے  میں بسنے والے 316 میں سے 300 بچوں کو ناکافی انتظامات کی بنا پر رشتے داروں کے گھروں میں بھیج دیا گیا۔

ڈائریکٹر زمونگ کور سعیداحمد کے مطابق آشیانے میں رہائش پزیر بچوں کو رشتہ داروں کے گھروں میں بھیجنے کا فیصلہ حکومتی احکامات کی روشنی میں کیا گیا۔

دوسری جانب ادارے میں رہ جانے والے چند بچے اپنے ساتھیوں کی واپسی کے منتظر ہیں۔ بچوں کا کہنا ہے کہ ساتھ گزارے ہوئے دن یاد آتے ہیں، دعا ہے کہ کورونا وبا کا خاتمہ ہو اور ان کے دوست جلد لوٹ آئیں۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث پاکستان میں سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں جہاں 351 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد چھ ہزار آٹھ سو پندرہ ہوگئی ہے۔

پاکستان میں کورونا کے باعث اموات ایک ہزار سے  بڑھ گئی ہیں جب کہ48 ہزار91 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز ایک لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ اور جون میں سب سے زیادہ کیسز سامنے آسکتے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں بتیس افراد کورونا وائرس کے باعث دم توڑ گئے ہیں جب کہ دو ہزار ایک سو ترانوے نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا: پاکستان میں 985 اموات، 45 ہزار 898 افراد متاثر

سندھ میں مریضوں کی تعداد اٹھارہ ہزار نو سو چونسٹھ اور پنجاب میں سترہ ہزار تین سو بیاسی، بلوچستان میں دو ہزار نو سو اڑسٹھ اور اسلام آباد میں ایک ہزار دو سو پینتیس افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

گلگت بلتستان میں پانچ سو اناسی اور آزاد کشمیر میں ایک سو اڑتالیس افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ پاکستان میں کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد چودہ ہزار ایک سو پچپن ہو گئی ہے۔

پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس26 فروری کو رجسٹرڈ ہوا اور ایک ہزاراموات 21 مئی تک ہوئیں۔ ایک ہزار اموات ہونے میں 85 دن لگے۔

کورونا وائرس کے باعث سندھ میں316، پنجاب297، اسلام آباد10، گلگت بلتستان4 اور بلوچستان میں 38 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ آزادجموں و کشمیر میں 1 شخص جاں بحق ہوا ہے۔


متعلقہ خبریں