عیدالفطر 24 مئی کو ہوگی، سعودی ماہر فلکیات

EID MOON

سعودی ماہرفلکیات نے دعویٰ کیا ہے کہ 29رمضان کومملکت میں شوال کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں اور اس بار30 روزے ہوں گے۔

ماہر فلکیات کا کہنا ہے کہ جمعہ کوچاند سورج غروب ہونے سے 13 منٹ پہلے ہی ڈوب جائے گا۔ سعودی عرب میں عیدالفطر24 مئی بروز اتوار کو ہوگی۔

دوسری جانب سعودی سپریم کورٹ کی 29 رمضان کو بھی شوال کا چاند دیکھنے کے لیے عوام سے اپیل کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عید کب ہوگی؟ وزارت سائنس اور رویت ہلال کمیٹی آمنے سامنے

فلکی حساب کے مطابق سعودی عرب میں انتیس رمضان کو سورج 293 درجے پر شام چھ بج کر 39 منٹ پر غروب ہوگا جب کہ چاند چھ بج کر26 منٹ پر یعنی غروب آفتاب سے 13 منٹ قبل افق سے غائب ہوجائے گا۔ 29 رمضان المبارک کو چاند مکہ معظمہ میں غروب آفتاب سے 10 منٹ قبل غروب ہوگا۔

ہفتے کے روز 30 رمضان المبارک کو سورج چھ بج کر چالیس منٹ پر غروب ہوگا جب کہ چاند سات بج کر 23 منٹ پر غروب ہوگا۔ اس طرح تیس رمضان المبارک کی شام کو شوال کا چاند غروب آفتاب کے بعد 43 منٹ تک افق پر دیکھا جاسکے گا۔

پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہفتہ 23 مئی کو طلب کیا گیا ہے۔

مرکزی کمیٹی اور زونل کمیٹیاں چاند کی شہادتیں موصول کریں گی جس کے بعد ہی عیدالفطر کےمتعلق حتمی اعلان کیا جائے گا۔

پاکستان میں شوال کے چاند کی رویت کے لیے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور رویت ہلال کمیٹی عیدالفطر کے معاملے پر ایک بار پھر آنے سامنے آگئے ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ قمری کیلنڈر کے بعد رویت ہلال کمیٹی کی کوئی ضرورت نہیں۔  وزارت مذہبی امور اور ان کی وزارت میں اختلاف ہے۔

اس سے قبل ملک میں دو گروہوں کے درمیان اختلاف تھا۔ ایک طرف مفتی شہاب الدین پوپلزئی تھے اور دوسری طرف رویت ہلال کمیٹی۔ تاہم فوادچوہدری کو وزارت سائنس و ٹیکنالوجی ملنے کے بعد معاملہ پھر ان کی وزارت اور رویت ہلال کمیٹی کے درمیان الجھ گیا ہے۔


متعلقہ خبریں