حکومت پنجاب کا عید تک مارکیٹوں کے اوقات کار بڑھانے کا اعلان


لاہور: کورونا کے پھیلاو کو روکنے اور خریداروں کی جانب سے بیک وقت رش کم کرنے  کے لیے حکومت پنجاب نے عید تک بازاروں اور مارکیٹوں کے اوقات کار بڑھانے کا اعلان کردیا ہے۔

وزیر صنعت پنجاب میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ کل سے صوبے بھر کی مارکیٹیں رات 10 بجے تک کھلیں گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام مزارت کو بھی کل کھول دیا جائے گا۔ مزارات پر کوئی وقت مقرر نہیں ہوگا

میاں اسلم اقبال نے کہا کہ موٹروے پر گاڑیاں چلانے سے متعلق ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے کورونا کنٹرول کے اجلاس میں پنجاب بھر میں شاپنگ مالز اور پلازے صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ فوڈ کورٹس، اسٹالز، ریسٹورنٹس وغیرہ عید تک بند رہیں گے۔ ریسٹورنٹس عید کے بعد کھلیں گے اور دن اور اوقات کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔

اس سے قبل  پنجاب حکومت کی جانب سے نرمی کے بعد لاک ڈاؤن فیز ٹو کا آغاز کردیا گِیا ہے۔ صوبائی حکومت نے ڈیڑھ ماہ سے جاری لاک ڈاؤن میں گزشتہ ہفتے نرمی کر دی تھی جس کے بعد کپڑے جوتے، چوڑیاں، زیوارات، حجام اور درزی کی دکانیں کھل گئی ہیں۔

لاک ڈاؤن کے فیز ٹو کے دوران چھوٹیاور  بڑی مارکیٹس کو کاروبار کی اجازت دی گئی ہے۔ گارمنٹس اور جوتوں کی دوکانیں، شعبہ تعمیرات سے منسلک تمام کاروبار، الیکٹرونکس مصنوعات کے بازار، حجام اور جمنیزیمز کو بھی کھلا رہنے کی اجازت دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا9مئی سے لاک ڈاؤن کھولنے کا اعلان

کاربار کھولنے سے قبل حکومتی ہدایت نامہ بھی جاری کیا تھا جس کے تحت دکاندار اپنی دوکانوں میں زیادہ رش نہ کریں گے، سماجی فاصلہ کے اصول پر عملدرآمد اور دوکانوں میں سینیٹائزرز کو یقینی بنایا جائے۔

ایس او پیز کے تحت کاروباری مراکز میں عملہ محدود رہے گا، سارے عملے کے لیئے گلوز اور ماسکس پہننا بھی ضروری ہو گا۔

اس سے قبل صوبائی حکومت نے کہا تھا کہ تمام گروسری سٹورز، جنرل سٹورز، کریانہ شاپس، بیکریز، آٹا چکی، دودھ، دہی اورگوشت کی دکانیں، سبزی و پھل منڈی، اجناس منڈی، مویشی منڈی، تندور، نان بائی اور آٹو ورکشاپس صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک ہفتہ کے ساتوں دن کھولنے کی اجازت ہو گی۔


متعلقہ خبریں