رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سہراب سرکی سمیت گھر کے 6افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق


کراچی: رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سہراب سرکی سمیت گھر کے 6 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

اپنے ویڈیو بیان میں رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سہراب سرکی نے  اپنے اور اپنے اہل خانہ کے افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کردی۔

ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کا شکار خاندان کے تمام افراد اپنے اپنے گھروں میں آئسولیٹ ہیں۔

آج ہی کے دن پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما عطا اللہ تارڑ کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا۔

ن لیگی رہنما نے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، جو مجھ سے رابطے میں رہے ہیں، وہ اپنا ٹیسٹ کرائیں۔

خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری بھی کووڈ 19 میں مبتلا ہیں اور وہ قرنطینہ میں ہیں۔

گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا: پاکستان میں 985 اموات، 45 ہزار 898 افراد متاثر

گوجرانوالہ سے پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشست پر رکن اسمبلی بننے والی شاہین رضا کو رواں ہفتے گوجرانوالہ سے لاہور منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ میو اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ شاہین رضا پاکستان میں پہلی سیاستدان ہیں جن کا کووڈ 19 کے باعث انتقال ہوا۔

پاکستان میں کورونا وائرس کو سامنے آئے دو ماہ سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے۔ ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا۔

یاد رہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ دو بار مثبت آچکا ہے۔ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور وہ صحت یاب ہوگئے۔


متعلقہ خبریں