کورونا وائرس سے پاکستان میں50694 افراد متاثر، 1067 جاں بحق


اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث اموات ایک ہزار 67 ہو گئی ہیں جب کہ 50 ہزار 694 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں پچاس افراد کورونا وائرس کے باعث دم توڑ گئے ہیں جب کہ دو ہزار چھ سو تین نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا: پاکستان میں 985 اموات، 45 ہزار 898 افراد متاثر

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں مریضوں کی تعداد 19 ہزار 924 اور پنجاب میں 18 ہزار 445 ہے ۔ خیبر پختونخوا میں 7 ہزار 155، بلوچستان میں 3 ہزار 74 اور اسلام آباد میں ایک ہزار 326 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

گلگت بلتستان میں چھ سو دو اور آزاد کشمیر میں ایک سو 58 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ پاکستان میں کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد پندرہ ہزار دو سو ایک ہو گئی ہے۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں جہاں 365 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 336، پنجاب 310، اسلام آباد 12، گلگت بلتستان 4، بلوچستان 39 اور آزاد کشمیر میں 1 شخص کورونا وائرس سے جاں بحق ہوا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 16 ہزار 387 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر چارلاکھ  45 ہزار 987 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئیں

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو رجسٹرڈ ہوا اور ایک ہزاراموات 21 مئی تک ہوئیں۔ ایک ہزار اموات ہونے میں 85 دن لگے۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز ایک لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ اور جون میں سب سے زیادہ کیسز سامنے آسکتے ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کو سامنے آئے دو ماہ سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے۔ ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

متعلقہ خبریں

ٹاپ اسٹوریز