برطانیہ آنے والے مسافروں کے لیے نئی ہدایات جاری

برطانوی وزیر اعظم نے تمام ٹریول کوریڈورز بند کرنے کا اعلان کر دیا

لندن: بیرونِ ممالک سے برطانیہ جانے والے مسافروں کے لیے نئی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

برطانوی حکومت کی جانب سے جاری کردہ نئی ہدایات کے مطابق برطانیہ آنے والے مسافروں کو14 روز قرنطینہ میں رہنا ہوگا ورنہ ایک ہزار پاؤنڈ جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔

برطانوی وزارت داخلہ کے مطابق برطانیہ داخل ہونے والے مسافروں کے لیے سخت شرائط جون میں لاگو ہوں گی تاہم نیشنل ہیلتھ سروسز کے ملازمین کو ان شرائط سے استثنیٰ حاصل ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: سویپ ٹیسٹ سے 50 منٹ میں کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ ملے گا، برطانیہ

برطانوی حکومت کی مسافروں کے لیے کڑی شرائط پر عالمی فضائی کمپنیوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے جب کہ فرانس سمیت دیگر ممالک نے برطانوی حکومت کے اس فیصلے کو ماننے سے انکار کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ پوری دنیا اس وقت کورونا وائرس کی لپیٹ میں ہے اور تمام ممالک اپنے شہریوں کو اس وبا سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ جاری ہے اور  متاثرہ افراد کی تعداد51 لاکھ 94 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ تین لاکھ 34 ہزار 6 سو سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

دنیا بھر بیس لاکھ 80 ہزارسے زائد افراد موذی وائرس کو شکست دے کر صحتیاب ہو گئے ہیں۔

امریکہ میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 96  ہزار سے بڑھ گئی ہے اور 16 لاکھ  20 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔

روس میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد تین لاکھ 17 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ ایک دن میں 9 ہزار کے قریب نئے کیسز رجسٹرڈ ہوئے ہیں اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا میں کورونا کیسز کی تعداد 50 لاکھ 37 ہزار سے تجاوز کر گئی

برازیل  کورونا وائرس متاثرین کی ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے جہاں ایک دن میں 21 ہزار نئے کیسز کے ساتھ متاثرہ افراد کی تعداد3 لاکھ 10 ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ چوبیس گھنٹوں میں 900  افراد کی ہلاکت کے بعد مرنے والوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

کورونا سے اسپین میں 27 ہزار 900 سے زائد افراد وائرس کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جب کہ 2 لاکھ 80 ہزار 117 متاثر ہیں۔

وبا سے نمٹنے میں ناکامی پر اسپین میں حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں۔ مظاہرین نے برتن بجا کر حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔

برطانیہ میں کورونا مزید تین سوترسٹھ جانیں نگل گیا اور مجموعی اموات 36 ہزار سے بڑھ گئی ہیں جب کہ دو لاکھ 50 ہزار سے زائد مریضوں میں کورونا کی تشخیص ہو چکی ہے۔


متعلقہ خبریں