شہباز شریف کا یوم القدس پر فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی

شہباز شریف کی اپوزیشن اراکین کو عشائیے کی دعوت

اسلام آباد: قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے یوم القدس پر فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ فلسطینیوں اور کشمیریوں کو انصاف ملنے تک اقوام متحدہ (یو این) کی ساکھ پر سوال رہے گا۔

صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں اور کشمیریوں کے قانونی حق کو اسرائیل اور بھارت پامال کررہے ہیں اور یہ دونوں ممالک انسانیت کے قاتل بن چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کو امریکی سفارتخانے کے ناظم الامور پال ڈبلیو جونز کا خط

انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی قرض دار ہے، امت کی سطح پر فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار ہونی چاہیے۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ او آئی سی کو تنازعات پر امت کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے کام کرنا ہوگا۔ فلسطین اور کشمیر کے شہداء کو سلام ہے جن کا لہو دنیا سے انصاف کا تقاضا کرتا ہے۔

دوسری جانب ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے یوم القدس پر پیغام میں کہا ہے کہ صیہونی حکومت سے لڑنے والے ہر ملک اور گروہ کی مدد کریں گے۔

آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ریفرنڈم کا حق ملنے تک فلسطینیوں کی سیاسی، فوجی اور ثقافتی جدوجہد جاری رہنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت ختم کرنے کا مطلب یہودیوں کو صفحہ ہستی سے مٹانا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: میرے دم کرنے سے شہباز شریف کل گرفتاری سے  بچ گئے، شیخ رشید

سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو جیسوں کو نکالنا اسرائیل کو ختم کرنے کے مترادف ہے جو ہو کر رہے گا، صیہونی حکومت نے ثابت کیا ہے وہ کسی معاہدے اور منطق پرنہیں چلتی۔

یوم القدس ہی پرپیغام میں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہاہے کہ صیہونی حکومت کے لیے سب سے بڑا چیلنج اس کے پاس قانونی جواز کا نہ ہونا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مغرب کے جرائم کا خمیازہ فلسطینیوں کو نہیں بھگتنا چاہیے۔


متعلقہ خبریں