سپریم کورٹ:پنجاب حکومت کو 56 کمپنیوں کا ریکارڈ نیب کے سپرد کرنے کا حکم


لاہور:سپریم کورٹ نے پنجاب کی 56 کمپنیوں کے کیس میں صوبائی حکومت کو تمام ریکارڈ اتوار کی صبح نو بجے تک نیب کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

عدالت نے محکمہ صحت کی خالی اسامیاں فوری پُر کرنے کے احکامات بھی جاری کردیئے ہیں۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں 56 کمپنیوں میں مبینہ کرپشن ازخود نوٹس کیس کی سماعت چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔

عدالت عظمیٰ نے سرکاری اسپتالوں کی ناقص صورت حال پر ازخود نوٹس کیس میں محکمہ صحت کو تمام خالی آسامیاں پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے مکمل کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

پنجاب ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی جانب سے ادویات کی بروقت ٹیسٹنگ نہ ہونے سے متعلق رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرائی گئی۔

رپورٹ کےمطابق 13 سو میں سے ایک ہزار 77 ادویات کے ٹیسٹ مکمل ہو چکے ہیں۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے دیگر ادویات کی چھ روز اور نئی آنے والی تمام ادویات کی ٹیسٹنگ 30 روز میں مکمل کرکے اسپتالوں کو فراہم کرنے کا حکم  جاری کیا۔

عدالت عظمی نے وزراء اور سرکاری افسران کے زیراستعمال لگژری گاڑیوں پر ازخودنوٹس لیتے ہوئے ملک بھرکے وفاقی و صوبائی محکموں سے گاڑیوں کے استعمال کی بھی رپورٹ طلب کرلی ہے۔


متعلقہ خبریں