طیارہ حادثہ:  پاک فوج اور سندھ رینجرز امدادی سرگرمیوں میں مصروف

طیارہ حادثہ: کپتان اور ائر ٹریفک کنٹرولر حادثے کے ذمہ دار قرار

کراچی: پی آئی اے کا طیارہ کراچی میں رہائشی علاقے میں گرنے کے فوری بعد پاک فوج اور رینجرز اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ فوج اور رینجرز اہلکار سول انتطامیہ کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی اداروں نے علاقے کوگھیرے میں لے لیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی کوئیک ری ایکشن فورس اور پاکستان رینجرز سندھ موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ پاک فوج اور سندھ رینجرزامدادی سرگرمیوں میں سول انتظامیہ کی معاونت کریں گے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی کے 10 فائر ٹینڈرز نے حادثے کی جگہ پر آگ بجھانےمیں حصہ لیا۔ ملٹری ایمبولینسزبھی زخمیوں کو ضروری طبی امدادفراہم کررہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی: پی آئی اے کا مسافر طیارہ رہائشی علاقے پر گر کر تباہ،متعددافراد جاں بحق

آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹرزکےذریعے امدادی کاموں اور نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

آئی ایس پی آر مطابق امدادی سرگرمیوں میں تیزی کیلئے خصوصی ٹیم راولپنڈی سے کراچی روانہ کردی گئی ہے۔ آرمی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم سی 130 کی خصوصی پرواز سے راولپنڈی سے کراچی روانہ ہوگئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پی آئی اے طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور فو ج کو ریسکیو آپریشن میں سول انتظامیہ کے ساتھ ہرممکنہ تعاون کی ہدایت کردی۔

دریں اثناء ترجمان پاک بحریہ کے مطابق  نیول چیف نے طیارہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ نے بھی طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر تمام ایمرجنسی سروسز فراہم کی جا رہی ہیں اور مزید تفصیلات بھی جلد شیئر کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں:طیارے کے پائلٹ اور ایئر ٹریفک کنٹرول کے درمیان آخری گفتگو

ترجمان کے مطابق طیارہ گرنے کے بعد لگنے والی آگ پر قابو پانے کیلئے پاک بحریہ کے 4 فائر ٹینڈرز جائے وقوعہ کی طرف روانہ کردیے گئے ہیں۔۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف کی پاک بحریہ کی فیلڈ کمانڈز کو امدادی کاموں میں انتظامہ کی معاونت کی ہدایت کردی ہے۔

خیال رہے کہ اب سے چند گھنٹے قبل قومی ایئرلائن پی آئی اے کا مسافر طیارہ کراچی میں لینڈنگ سے کچھ دیر قبل رہائشی علاقے ماڈل کالونی میں گر کر تباہ ہوگیا اور متعدد افراد جاں بحق ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی:حادثے کا شکار ہونیوالے طیارے میں سوار مسافروں کے نام

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 میں 99 مسافر اور عملے کے 8 ارکان سوار تھے تاہم جاں بحق افراد کے حتمی اعداد و شمار نہیں دیے گئے۔

مسافر طیارہ لاہور سے کراچی کیلئے روانہ ہوا تھا اور کراچی ایئرپورٹ کے قریب ماڈل کالونی میں گر کر تباہ ہوا۔

پی آئی اے کے طیارے نے حادثے سے ایک گھنٹہ30 منٹ قبل لاہور ایئر پورٹ سے اڑان بھری تھی اور کراچی ائیر پورٹ پر لینڈنگ سے کچھ دیر پہلے گرکر تباہ ہوا۔

 


متعلقہ خبریں