پی ٹی آئی رکن اسمبلی اور ناظمین پیپلزپارٹی میں شامل


اسلام آباد: تحریک انصاف اور قومی وطن پارٹی کے رہنماؤں نے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔

ہفتے کو اسلام آباد زرداری ہاؤس میں سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری سے تحریک انصاف اور قومی وطن پارٹی کے رہنماؤں نے ملاقات کی اور پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کرنے والوں میں تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی دینہ ناز، حیات آباد سے تحریک انصاف کے ناظم مسعود خٹک، رحمت آباد کے نائب ناظم حکیم الرحمان اور کوہاٹ سے قومی وطن پارٹی کے امیدوار اور ضلعی جنرل سیکرٹری مسعود الاسلام شامل ہیں۔

پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کرنے والوں نے آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مظلوم طبقے کی حمایت کی ہے۔ آصف علی زرداری نے پختون عوام کو شکست دے کر پختونوں کے دل جیت لیے ہیں۔

رہنماؤں نے کہا کہ پیپلزپارٹی قیادت نے ہمیشہ برداشت اور سیاسی رواداری کی تلقین کی ہے جس سے مہذب معاشرہ قائم ہوگا۔ آصف علی زرداری نے ہمیشہ عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کیا ہے۔

عام انتخابات سے قبل سیاسی رہنماؤں کی پارٹیاں بدلنے کی روایت قائم ہے۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران کئی سیاسی جماعت کے رہنما دوسری جماعتوں میں شمولیت کا اعلان کرچکے ہیں جس کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ سب سے زیادہ نقصان جس جماعت کو اُٹھانا پڑا ہے وہ مسلم لیگ ن ہے جس کے سب سے زیادہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔


متعلقہ خبریں