طیارہ حادثہ: وزیراعلیٰ سندھ کی بے گھر ہونے والے افراد کو ہوٹل منتقل کرنے کی ہدایت

پی آئی اے کا طیارہ 13 منٹ فضا میں رہنے کے بعد گر کر تباہ ہوا

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے رہائشی علاقے ماڈل کالونی میں پی آئی اے کا مسافر طیارہ گرنے کے بعد بے گھر ہونے والے افراد کو ہوٹل منتقل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ  نے ڈپٹی کمشنر کورنگی کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر بے گھر ہونے والے متاثرین کی رہائش کیلئے انتظامات کریں۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ بے گھرہونے والے تمام افراد کی بھرپور مدد کی جائے گی۔

خیال رہے کہ آج دن کے وقت قومی ایئرلائن پی آئی اے کا مسافر طیارہ کراچی میں لینڈنگ سے کچھ دیر قبل رہائشی علاقے ماڈل کالونی میں گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس سے متعدد مکانات کو شدید نقصان پہنچا تھا۔

ذرائع کے مطابق ریسکیو اہلکاروں نے بے گھر ہونے والے متاثرین کو مختلف مقامات پر منتقل کردیا ہے۔

اس سے قبل محکمہ صحت سندھ نے پی آئی اے طیارہ حادثے میں 66 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی

ہم نیوز کے مطابق صوبائی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں لائی جانے والی 66 نعشوں میں سے پانچ کی شناخت ہوچکی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق جناح اسپتال میں 41 اور سول اسپتال میں 25 لاشیں منتقل کردی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا طیارہ حادثے پر اظہار افسوس

دریں اثناء ایدھی فاوَنڈیشن کے مطابق  طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 72  افراد کی لاشیں اسپتالوں میں منتقل کی جاچکی ہیں۔

اس سے قبل وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا تھا کہ طیارہ حادثے میں جاں بحق 19 افراد کی لاشیں جناح اسپتال اور 15 لاشیں سول اسپتال کراچی لائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ جناح اسپتال میں 3 لاشوں کی شناخت ہوچکی ہے۔

صوبائی وزیرصحت کے مطابق دارالصحت میں خالد نامی شخص جبکہ  سول اسپتال میں زبیرنامی شخص زیرعلاج ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کےمطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 میں 99 مسافر اور عملے کے 8 ارکان سوار تھے۔

مسافر طیارہ لاہور سے کراچی کیلئے روانہ ہوا تھا اور کراچی ایئرپورٹ کے قریب ماڈل کالونی میں گر کر تباہ ہوا۔

پی آئی اے کے طیارے نے حادثے سے ایک گھنٹہ30 منٹ قبل لاہور ایئر پورٹ سے اڑان بھری تھی اور کراچی ائیر پورٹ پر لینڈنگ سے کچھ دیر پہلے گرکر تباہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: حادثے کا شکار ہونیوالے طیارے میں سوار مسافروں کے نام

ذرائع کے مطابق حادثے سے قبل طیارے کے کپتان نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو مے ڈے کال کی اور بتایا کہ طیارے کے انجن خراب ہو چکے ہیں۔ کپتان نے اے ٹی سی کو بتایا کہ ہم بائیں جانب ٹرن لے رہے ہیں۔ مے ڈے کال کے بعد طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔

ترجمان پی آئی اے نے ہم نیوز کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کی ایئربس320 نے لاہور سے اڑان بھری تھی۔


متعلقہ خبریں