کورونا وائرس کو کوئی سنجیدگی سے نہیں لے رہا، گورنر پنجاب

کورونا وائرس کو کوئی سنجیدگی سے نہیں لے رہا، گورنر پنجاب

فوٹو: فائل


لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کو کوئی سنجیدگی سے نہیں لے رہا۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی طیارہ حادثہ ایک قومی سانحہ ہے اور شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کے مسائل کے حل کے لیے کوششیں کر رہے ہیں جبکہ کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان ہی نہیں ساری دنیا کی معیشت ڈوب گئی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ کورونا وائرس کو کوئی سنجیدگی سے نہیں لے رہا جس کی وجہ سے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ لاک ڈاوَن میں نرمی کا مطلب ہر گز یہ نہیں کہ وبا ختم ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاوَن میں نرمی معیشت کو بدحالی سے بچانے کے لیے کی گئی ہے اور عوام کی ذمہ داری ہے کہ ایس او پیز پر عمل درآمد کریں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث اموات ایک ہزار ایک سو ایک ہو گئی ہیں جب کہ 52 ہزار 437 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں چونتیس افراد کورونا وائرس کے باعث دم توڑ گئے ہیں جب کہ ایک ہزار سات سو تینتالیس نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں مریضوں کی تعداد 20 ہزار 883 اور پنجاب میں 18 ہزار 730 ہے ۔ خیبر پختونخوا میں 7 ہزار 391، بلوچستان میں 3 ہزار 198 اور اسلام آباد میں ایک ہزار 457 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

گلگت بلتستان میں چھ سو سات اور آزاد کشمیر میں ایک سو اکہتر افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ پاکستان میں کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد سولہ ہزار چھ سو ترپن ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں طیارے کے پائلٹ اور ایئر ٹریفک کنٹرول کے درمیان آخری گفتگو

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں جہاں 381 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 340، پنجاب 324، اسلام آباد 12، گلگت بلتستان 4، بلوچستان 39 اور آزاد کشمیر میں 1 شخص کورونا وائرس سے جاں بحق ہوا۔


متعلقہ خبریں