طیارہ حادثے میں97 افراد جاں بحق، 16 میتوں کی شناخت ہوگئی

ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انوسٹی گیشن بورڈ: تحقیقات کا آغاز کردیا

فوٹو: ہم نیوز


کراچی: گزشتہ روز کراچی کے رہائشی علاقے ماڈل کالونی میں پاکستان انٹرنیشل ائیر لائن کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 97 ہوگئی جبکہ 16 میتوں کی اب تک شناخت ہوچکی ہے۔

وزیرصحت سندھ عذرا پیچوہو کے مطابق جائے حادثہ اور طیارے کے ملبے سے 97 لاشیں نکال لی گئیں، جن میں سے جناح اسپتال لائی گئیں 16 میتوں کی شناخت ہوگئی ہے

گزشتہ روز پی آئی اے کا مسافر طیارہ کراچی میں لینڈنگ سے کچھ دیر قبل رہائشی علاقے ماڈل کالونی میں گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں 92  مسافر اور عملے کے 8 ارکان سوار تھے۔ طیارہ حادثے میں دو افراد بشمول بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق 66 لاشیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے 16 میتوں کی شناخت ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق 31  لاشوں کو سول اسپتال کراچی منتقل کیا گیا، جہاں میتوں کی شناخت  کے لیے ڈی این اے نمونے اکٹھے کیے جارہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت کے لیے نادرا کی خصوصی ٹیم کراچی پہنچ گئی ہے۔

ذرائع  نے اس ضمن میں بتایا ہے کہ طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے  زیادہ تر افراد کی نعشوں کی شناخت میں دشواری کا سامنا ہے۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ پہ لگنے والی آگ اور وہاں موجود تپش کی وجہ سے میتوں کی شناخت میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

مزید پڑھیں: طیارہ حادثہ: جاں بحق افراد کی شناخت کے لیے ٹیم تشکیل

ذرائع کے مطابق نادرا کی خصوصی ٹیم جاں بحق افراد کے انگوٹھوں کی مدد سے ان کی شناخت کو ممکن بنانے کے عمل میں مدد دینے کے لیے پہنچی ہے۔

ہم نیوز کو اس سلسلے میں نادرا ترجمان نے بتایا ہے کہ جاں بحق ہونے والے تین افراد کے انگوٹھوں کے نشانات لیے گئے تو ان میں سے دو کی شناخت ہو گئی ہے۔

اس سے قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا تھا کہ طیارے کے جائے حادثہ سے تمام لاشیں اٹھا لی گئی ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل کے مطابق طیارہ حادثے میں 2 مسافر محفوظ رہے اور ریسکیو آپریشن بدستور جاری ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ جائے حادثہ پر آرمی، رینجرز اور دیگر اداروں کا ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ متاثرہ مکینوں کو متبادل جگہ پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ طیارہ حادثے میں 25 گھر متاثر ہوئے ہیں جنہیں مکمل طور پر کلیئر کر دیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں