وزیراعظم کی عیدالفطر پر اہل وطن، مسلمانان عالم کو مبارکباد



اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے عیدالفطر کی آمد کے موقع پراہل وطن اورمسلمانان عالم کو مبارک باد پیش کی ہے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکرہے کہ ہم سب کورمضان المبارک کی بابرکت گھڑیاں نصیب ہوئیں۔ اللہ سےدعاہے وہ ہمارے روزوں، عبادتوں اورکارہائے خیرکو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔

وزیراعظم نے کہا  کہ عیدالفطرکی آمد کے موقع  پر اہل وطن اور مسلمانان عالم کومبارک بادپیش کرتاہوں۔ کورونا وبا کی وجہ سے اس سال عیدالفطرکےموقع پرعالم انسانیت گہری آزمائش سےگزررہی ہے۔ کورونا وائرس کےحوالےسے ساری دنیا پریشان ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تمام ممالک ہنگامی بنیادوں پراس وباکی روک تھام کیلئے کوششیں کررہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے طبی ماہرین کی ہدایات کے مطابق احتیاط ہی روک تھام کا واحد طریقہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا سماجی فاصلے، حفظان صحت کے اصولوں کواختیارکرنا ہوگا۔ ضرورت مند، نادار، مستحقین اوردیہاڑی دارطبقے کا خصوصی خیال رکھنا ہے۔

مزید پڑھیں: عید الفطر: وفاقی وزیر علی زیدی بھی فواد چودھری کی حمایت میں سامنے آگئے

اس سے قبل مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا کہ شوال کا چاند نظر آ گیا ہے لہذا عید الفطر کل بروز اتوار 24 مئی کو ہو گی۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چاند دیکھنےسے متعلق متعدد شہادتیں موصول ہوئیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مطلع صاف تھا،پسنی اور چمن میں چاند نظر آیا ہے۔

انہوں نے کورونا کے پیش نظر لوگوں کو گلےملنےاور ہاتھ ملانےسے پرہیز کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ عید کی مبارکباد زبانی دیں۔

وزیر سائنس سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ فواد چودہدری کو دین میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے، ہم نے کسی دباؤ میں نہیں بلکہ شریعت کےمطابق فیصلے کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فواد چودہدری کی کوئی حیثیت نہیں، وہ خود کواپنی وزارت تک محدود رکھیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دعوی کیا تھا کہ عید الفطر 24 مئی بروز اتوار کو ہوگی۔


متعلقہ خبریں