عید الفطر پر وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کا بھارت کیلئے پیغام امن

افغانستان میں تمام گروپوں کو نمائندگی ملنی چاہیے، وزیر خارجہ

فوٹو: ہم نیوز


ملتان: پاکستان کے وزیرخرجہ شاہ محمودقریشی نے عید الفطر کے موقع پربھارت کو پیغام امن دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم امن چاہتے ہیں۔ کورونا سے مقابلے کے لئے ایک دوسرے سے تعاون کی ضرورت ہے۔

نمازعید کے ادائیگی کے بعد انہوں نے پوری قوم کو عید الفطر کی مبارک باد دی اور طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت کی۔

ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے اور ہمارا واضح پیغام ہے کہ  اگر جارحیت ہوئی تو منہ توڑ جواب دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت بلوچستان میں انتشار پھیلا رہا ہے، بھارتی جاسوس کلبھوشن بھی بلوچستان سے گرفتار ہوا تھا۔ خیبر پختونخوا کے ٹرائبل ایریا اور بلوچستان میں بھارت شر پسندوں سے رابطے میں ہے۔

وزیرخارجہ نے بتایا پاکستان نے گزارش کی ہے کہ بھارت تعاون کی طرف جائے اور ہم نے تمام تر حالات سے بین الاقوامی برادری کو آگاہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے خط میں اپنے خدشات سے دیگر ممالک کو آگاہ کردیا ہے۔ عید کے بعد ایک اجلاس بلایا جائے گا جس میں بھارت کی حکمت عملی کا جائزہ لیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی حکومت کشمیریوں پر ظلم اور جبر کررہی ہے اور ان کے گھر لوٹنے کے بعد نذرآتش کیے جا رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے مسلمان بہت بڑی تکلیف سے گزررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اور کشمیری مل کر ان کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔


متعلقہ خبریں