سندھ میں 788 بچے بھی کورونا وائرس سے متاثر

"کورونا کی نئی قسم بچوں کو آسانی سے ہدف بناسکتی ہے"

فائل


کراچی: کوروناوائرس کے باعث پاکستان کے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے صوبے سندھ میں سات سو سے زائد بچے بھی متاثر ہوئے ہیں۔

ترجمان حکومت سندھ  مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ صوبے میں کورونا سے متاثرہ بچوں کی تعداد 788 ہو گئی ہے اور صرف 20 روز کے اندرمجموعی تعداد میں تین گنا اضافہ ہوگیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 2مئی تک سندھ میں کورونا سے متاثرہ بچوں کی تعداد 253 تھی لیکن بعد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کورونا وبا ایک خطرناک حقیقت ہے اور لاپرواہی برتنے والے اس متاثر ہوسکتے ہیں، بچوں کو کسی اور نے نہیں ہم نے خود متاثر کیا ہے۔ ہم حکومت کی ایس او پیز کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:سندھ: کورونا کیسز کی تعداد ساڑھے 21 ہزار سے بڑھ گئی

ان کا کہنا تھا کہ پابندیوں کا اطلاق حکومتی ارکان سمیت ہر شہری پر ہوتا ہے اور ہم نے اپنے بچوں کوکورونا وائرس سے محفوظ رکھنا ہے۔

سندھ میں کورونا کیسز کی مجوعی تعداد 21 ہزار 645 ہو گئی ہے اور354 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ سندھ میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا شہر کراچی ہے جہاں کیسزکی تعداد 17 ہزارسے بڑھ گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں کراچی میں 669 نئےکیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد شہر میں کورونا کےمریضوں کی تعداد 17 ہزار 201 ہو گئی ہے۔

کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے 12 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد وبا سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 292 ہو گئی ہے۔


متعلقہ خبریں