مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کے ساتھ عید منائی جا رہی ہے


سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بھی آج پاکستان کے ساتھ عیدالفطر منائی جا رہی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ ہے جبکہ جگہ جگہ بھارتی فوج کی اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔

مقبوضہ کشمیرکے ضلع بڈگام میں عید کے دن بھارتی فوج نے محاصرے کی آڑ میں 4 کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔

دوسری جانب حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کشمیریوں کو اپنی خوشیوں میں یاد رکھیں۔

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ عید الفطر کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں وہی آہیں وہی سسکیاں، کرفیو اور قتل عام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی دہشت گردی دن بدن بڑھتی جا رہی ہے جبکہ آرٹیکل 370 کے بعد بھارتی فوج کو کشمیریوں کے قتل عام کا لائسنس مل گیا ہے۔

مشعال ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کوئی گھر ایسا نہیں جہاں شہادت یا بھارتی فوج کی فائرنگ سے کوئی زخمی نہ ہوا ہو۔ یاسین ملک بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں ہیں اور ان سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کو اپنی خوشیوں میں یاد رکھیں۔ کشمیری ہمیشہ کی طرح پاکستان کے ساتھ عید منا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں خوشی ہے پورا پاکستان آج ایک عید منا رہا ہے، فواد چوہدری

یاسین ملک کی اہلیہ نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں نے لاوَڈ اسپیکر کے ذریعے پاکستان میں چاند نظر آنے کے بعد اعلانات کیے۔

مشعال ملک نے کراچی طیارہ حادثہ میں شہید ہونے والوں کے لیے مغفرت کی دُعا کی۔


متعلقہ خبریں