طیارہ حادثہ، ائیربس کمپنی کےحکام 25مئی کو فرانس سے پاکستان پہنچیں گے


کراچی: پی آئی اے طیارہ حادثے کی تحقیقات میں تکنیکی معاونت فراہم کرنے کے لیے ائیربس کمپنی کےحکام 25 مئی کو فرانس سےپاکستان پہنچیں گے۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی( سی اے اے) نے اس ضمن میں مختلف کمپنیوں کو خط لکھ دیا ہے جس کے متن کے مطابق  ایئربس کمپنی کی ٹیم خصوصی طیارے کےذریعےکراچی پہنچےگی۔

طیارہ حادثے میں97 افراد جاں بحق، 16 میتوں کی شناخت ہوگئی

خط میں بتایا گیا ہے کہ خصوصی ٹیم کو پاکستان میں کورونا سےمتعلق قرنطینہ کی لازمی شرط سے بھی استثنیٰ حاصل ہو گی جبکہ طیارےکےعملےکو کراچی ایئرپورٹ پراترنےکی اجازت نہیں ہوگی۔

خط کے متن کے مطابق ایئربس ٹیم 26 مئی کو واپس فرانس روانہ ہوجائےگی۔

یاد رہے کہ جمعے کے روز پی آئی اے کا مسافر طیارہ کراچی میں لینڈنگ سے کچھ دیر قبل رہائشی علاقے ماڈل کالونی میں گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں 92  مسافر اور عملے کے 8 ارکان سوار تھے۔

طیارہ حادثے میں دو افراد بشمول بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق 66 لاشیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے 16 میتوں کی شناخت ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق 31  لاشوں کو سول اسپتال کراچی منتقل کیا گیا، جہاں میتوں کی شناخت  کے لیے ڈی این اے نمونے اکٹھے کیے جارہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت کے لیے نادرا کی خصوصی ٹیم کراچی پہنچ گئی ہے۔

ذرائع  نے اس ضمن میں بتایا ہے کہ طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے  زیادہ تر افراد کی نعشوں کی شناخت میں دشواری کا سامنا ہے۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ پہ لگنے والی آگ اور وہاں موجود تپش کی وجہ سے میتوں کی شناخت میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

مزید پڑھیں: طیارہ حادثہ: جاں بحق افراد کی شناخت کے لیے ٹیم تشکیل

ذرائع کے مطابق نادرا کی خصوصی ٹیم جاں بحق افراد کے انگوٹھوں کی مدد سے ان کی شناخت کو ممکن بنانے کے عمل میں مدد دینے کے لیے پہنچی ہے۔

ہم نیوز کو اس سلسلے میں نادرا ترجمان نے بتایا ہے کہ جاں بحق ہونے والے تین افراد کے انگوٹھوں کے نشانات لیے گئے تو ان میں سے دو کی شناخت ہو گئی ہے۔


متعلقہ خبریں