عمران خان کی ٹیم خیبرپختونخوا میں ڈیلیور نہیں کرسکی، شاہد آفریدی


اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ  وزیراعظم عمران خان کی سیاسی ٹیم خیبرپختونخوا میں کارکردگی نہیں دکھا سکی۔

ہم نیوز کے پروگرام’بڑی بات‘ میں میزبان عادل شاہ زیب کے ساتھ بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں سات سال سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہے لیکن صوبے میں عمران خان کے ویژن کے مطابق کام نہیں ہوا۔

آنکھوں دیکھا حال بتاتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا خیبرپختونخوا میں پولیس اور صحت کے محکمے بہتر ہوئے ہیں لیکن انفراسٹرکچر بہتر کرنے کی ضرورت ہے کیوں کہ پہیہ چلے گا تو کام ہوگا۔ وہاں کی عوام نے عمران خان کو دوبارہ مینڈیٹ دیا ہے، ان کے پاس اب موقع ہےکہ ڈیلیورکر کے دکھائیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم ہوتا تواپوزیشن کو ساتھ لے کر چلتا، شاہد آفریدی

سیاست میں آنے کے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر سیاست میں آنا ہوتا تو بہت پہلے آچکا ہوتا کیوں کہ بہت ساری جماعتیں پیشکش کر چکی ہیں۔ سیاستدان کا کام ہے حق دار کو اس کا حق دینا اور وہ میں کر رہا ہوں۔

شاہد آفریدی نے کہا مجھ سے کسی نے سوال کیا تھا کہ سات ماہ کیلئے وزیراعظم بننے کا موقع ملا تو کیا چیز بہترکریں گے۔ میں نے جواب دیا تھا تعیم اور بے روزگاری بہتر ہے۔

عادل شاہ زیب نے مشورہ دیا اگر موقع ملے تو بن ہی جائیں اس میں کیا برائی ہے۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی کرسی کوئی مذاق نہیں، یہ بہت مشکل کام ہے۔

شاہد آفریدی کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر میں وزیراعظم ہوتا توموجودہ صورتحال میں تمام اپوزیشن کو ساتھ لےکرچلتا کیونکہ گھر کا جو بڑا ہوتا ہے وہ بندوق نہیں اٹھاتا بلکہ سب کو ساتھ لےکرچلتا ہے۔


متعلقہ خبریں