کورونا کے دوران شادی: دلہا جیل اور باراتی قرنطینہ منتقل



فیصل آباد: ضلعی انتظامیہ نے مقامی میرج ہال پر چھاپہ مارا اور کورونا ایکٹ کی خلاف ورزی پر دلہا سمیت 20 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

فیصل آباد میں اسسٹنٹ کمشنر صدرعمر مقبول نے کورونا ایکٹ کی خلاف ورزی پر کارروائی کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ چھپ چھپا کر شادی کی تقریب رچانے پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

شادی ہال کے مالک رانا علی عباس سمیت 20 افراد کے خلاف تھانہ منصور آباد میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ شادی ہال میں لگ بھگ 500 سے زائد افراد پر مشتمل شادی کی تقریب منعقد تھی۔

گرفتار افراد کو جھنگ روڈ پر قرنطینہ سنٹر منتقل کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ دلہے سمیت تمام افراد کے کورونا ٹیسٹ لئے جائیں گے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے پنجاب میں انسداد وبائی آرڈنینس لاگو ہے جس کے خلاف ورزی کرنے پر بھاری جرمانہ اور سزا مقرر کی گئی ہے۔

حکومت نے عوام اجتماعات پر بھی سخت پابندی لگا رکھی ہے اور مساجد میں بھی پانچ سے زائد افراد کو جمع ہونے کی اجازت نہیں۔

انسداد وبائی آرڈنینس

تمام غیر سرکاری ڈاکٹرز اور پروائیوٹ ہسپتالوں کو وبائی امراض کے مریضوں ک سنبھالنے اور ان کا علاج کرنے کا حکم دیا جا سکتا ہے۔

حکومت کسی بھی طرح کی پابندی کہیں بھی لاگو کر سکتی ہے۔ لوگوں پر اپنے بچوں کو سکولز یا اجتماعات میں بھیجنے کی پابندی ہو گی۔

جاں بحق ہونے والے افراد کی میتوں کو سنبھالنے، تدفین اور منتقلی سے متعلق پابندیاں لگانے کا اختیار ہو گا۔ کسی بھی بیمار یا بیماری پھیلانے والے شخص کی مخصوص جگہوں پر منتقلی اور وہاں رکھنے جانے کا اختیار ہو گا۔ عوام الناس کی کیسی بھی وقت کسی بھی جگہ سکریننگ کا اختیار ہو گا۔

سزائیں

کسی ایک شق کی خلاف ورزی پر دو ماہ قید، پچاس ہزار جرمانہ ہو گا۔ ایک سے زائد کی خلاف ورزی پر چھ ماہ قید اور ایک لاکھ روپے تک جرمانہ ہو گا سکتا ہے۔

کسی ادارے کی جانب سے خلاف ورزی پر پہلی دفعہ دو لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔ ایک سے زائد مرتبہ خلاف ورزی پر تین لاکھ روپے تک جرمانہ ہو گا۔

پہلی دفعہ فرار یا کوشش کی صورت میں چھ ماہ قید پچاس ہزار جرمانہ کیا جائے گا۔ دوبارہ ایسی کوش کی صورت میں 18 ماہ قید اور ایک لاکھ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں