بیرون ملک پھنسے مزید پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

بیرون ملک پھنسے مزید پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

اسلام آباد: قطر ائرلائن کی خصوصی پرواز بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو لے کر اسلام آباد پہنچ گئی۔

قطر ائرلائن کی خصوصی پرواز کے ذریعے 251 مسافر دوحا سے اسلام آباد ائر پورٹ پہنچے۔

ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم نے مسافروں کی طبی جانچ اور اسکریننگ کی جس کے بعد تمام مسافروں کو مختص ہوٹلز اور ضلعی انتظامیہ کے قرنطینہ مراکز منتقل کر دیا گیا۔

وطن واپس پہنچنے والے مسافروں کے ٹیسٹ کے نمونے حاصل کر کے لیب بھجوائے جائیں گے۔

ائرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی رپورٹ منفی آنے پر مسافروں کو گھر جانے کی اجازت ہو گی۔

دو روز قبل بھی عمان میں پھنسے  170 پاکستانی غیر ملکی پرواز کے ذریعے وطن واپس پہنچے تھے۔

عمان سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچنے کے بعد ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم نے مسافروں کی طبی جانچ اور اسکریننگ کی تھی۔ جس کے بعد تمام مسافروں کو مخصوص ہوٹلز اور ضلعی انتظامیہ کے قرنطینہ مراکز منتقل کیا گیا۔

واضح رہے کہ یرون ملک سے آنے والے مسافروں کو سیدھا قرنطینہ مرکز منتقل کیا جاتا ہے۔ نجی یا سرکاری قرنطینہ مرکز میں قیام کا انتخاب مسافر حضرات خود کر سکتے ہیں۔

قرنطینہ مرکز میں چوبیس گھنٹوں کے دوران این آئی ایچ مسافروں کے تشخیصی ٹیسٹ کے نمونے حاصل کرتا ہے اور  نتیجہ منفی آنے کی صورت میں مسافر کو گھر جانے کی اجازت دی جاتی ہے۔

ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں مسافر کو قرنطینہ مرکز میں ہی قیام کرنا ہو گا۔ مریض سرکاری یا پرائیوٹ اسپتال کا انتخاب اپنی مرضی سے کر سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا: بیرون ملک جاں بحق ہونے والوں کی میتیں لانے کی اجازت مل گئی 

پرائیویٹ اسپتال کے اتنخاب کی صورت میں مریض اخراجات خود برداشت کرے گا۔ مسافروں کو ٹرانسپورٹ کی مد میں پانچ سو روپے ادا کرنا ہوں گے۔

حکومت کی پہلی ترجیح ٹرانزٹ میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانا ہے۔ دوسری ترجیح  وہ پاکستانی ہیں جن کے ویزے ایکسپائرہو چکے ہیں۔  تیسری ترجیح بیرون ملک مقیم پاکستانی اور زیر تعلیم طلبہ کوواپس لانا ہے۔


متعلقہ خبریں