‘حکومت کورونا سے نہیں، ن لیگ سے لڑرہی ہے’


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس کورونا وبا سے لڑنے کی حکمت عملی نہیں ہے، حکومت کورونا سےنہیں بلکہ ن لیگ سے لڑرہی ہے۔

راولپنڈی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشتی حادثے پر استعفیٰ مانگنے والے آج طیارہ حادثے پر لاپتہ ہیں۔ طیارہ سانحہ کے بعد وزیراعظم چھٹیاں منانے نتھیاگلی چلے گئے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت کی ترجیح کورونا نہیں بلکہ شہبازشریف کو یاد کرنا ہے۔
گزشتہ ہفتےسے کورونا کیسزمیں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ کورونا پر قابو پانے کے بجائے  یہ صرف سیاسی مخالفین پرتنقید کرسکتے ہیں۔

ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا کہ چینی کمیشن رپورٹ میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو بھی مجرم ٹھہرایا گیا ہے۔ کیاوزیراعلیٰ پنجاب اب استعفیٰ دیں گے؟

مزید پڑھیں: شہباز شریف کے میڈیا ایڈوائزر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت جب ختم ہوئی توچینی کی فی کلوقیمت 53 روپے تھی۔ ن لیگ نے 5 سال تک چینی کی قیمت بڑھنے نہیں دی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسدعمرکو جب کمیشن نے بلایا تو وہ وہاں معصوم بن گئے۔ معصوم حکومت میں معصوم چینی چورہیں۔ کمیشن نےکہا کہ اسدعمر کے جوابات تسلی بخش نہیں تھے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جب سبسڈی دی تھی تب چینی کی قلت نہیں تھی۔

ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا کہ اس بار چینی سبسڈی وزیراعظم عمران خان کے حکم پر دی گئی، کیونکہ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جس میٹنگ میں سبسڈی دی گئی وہ مجھے یاد نہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے اصل مجرموں کو پچھلی گلی سے بھگادیا ہے۔


متعلقہ خبریں