متعلقہ اداروں کا ٹڈی دل کے خلاف آپریشن


اسلام آباد: ملک بھر میں ٹڈی دل کے فصلوں پر حملے کے بعد محکمہ زراعت، فوڈ سیکیورٹی اور پاک آرمی نے مشترکہ طور پر ٹڈیوں کے خاتمے کیلئے کنٹرولڑ آپریشن شروع کردیا ہے۔

نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر کے مطابق ملک کے  مختلف اضلاع میں ٹڈی دل کے خاتمےکیلئے بھرپور سروے اور کنٹرولڑ آپریشن جاری ہے۔ ملک کے 58 متاثرہ اضلاع میں محکمہ زراعت اور پاک فوج کی 1124 مشترکہ ٹیمیں مہم میں حصہ لے رہی ہیں۔

نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر کے مطابق اب تک 221561 اسکوائر کلومیٹر رقبے پر سروے کیا جاچکا ہے۔ 4728 مربع کلومیٹررقبے پرکنٹرولڑ آپریشن کیاجاچکاہے۔

لوکسٹ کنٹرول سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں 3247 مربع کلومیٹر رقبے پر سروے اور 36 مربع کلومیٹررقبے پرآپریشن کیا گیا۔ کنٹرول آپریشن میں تقریباً 2330 لیٹر پیسٹی سائڈز (کیڑے مار دوا) کا استعمال کیا گیا۔

مزید پڑھیں: ٹڈی دل کے حملوں سےکپاس، مرچ کی فصلوں اور آم کے باغات کو نقصان

نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر کے مطابق بلوچستان میں2650، پنجاب میں 1465، خیبرپختونخوا میں 351، سندھ میں 254 مربع کلومیٹر رقبے پرآپریشن کیاجاچکاہے۔

کنٹرولڑ آپریشن کے دوران ٹڈی دل کےمثرتدارک کیلئے ہوائی جہازوں اورہیلی کاپٹرز سے اسپرے کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ ملک کے 61 اضلاع میں ٹڈی دل نے حملے کرکے فصلوں کو شدید نصان پہنچایا پے۔ صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ناکافی اقدامات کےباعث کسان شدید گرمی کے باوجود ہاتھوں میں تھال اور پلاسٹک کی بوتلیں لیے اپنی مدد آپ کے تحت ٹڈیاں بھگانے کی کوششوں میں مصروف ہوگئے ہیں۔

پنجاب اور سندھ میں ٹڈیاں بے قابو ہوگئی ہیں، دنیا پور، کوٹ مٹھن، کہروڑ پکا اور میلسی میں گندم اور کپاس کی فصلیں شدید متاثر ہوگئیں۔

ترجمان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق بلوچسستان میں 31، خیبر پختونخواہ میں 11، پنجاب میں 12 اور سندھ میں 7 اضلاع ٹڈیوں کے حملے سے متاثر ہوئے ہیں۔

ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے ک ٹڈیوں کے خاتمے کے لیے مختلف اضلاع کے 3 ہزار 600 ہیکٹر رقبے پر اسپرے کیا گیا ہے۔

 


متعلقہ خبریں