تاجر رہنما کا لاک ڈاون کے خاتمے کا مطالبہ


کراچی: چیئرمین بزنس مین گروپ اور سابق صدر کراچی چیمبر آف کامرس سراج قاسم تیلی نے حکومت سے لاک ڈاون کے خاتمے کا مطالبہ کردیا ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری لاک ڈاوَن ختم کیا جائے تاکہ پوری قوت سے کاروباری سرگرمیاں بحال ہوسکیں۔ ہماری معیشت پہلے ہی بحران سے دوچار ہے، یہ مزید تباہی برداشت کرنے کا متحمل نہیں ہوسکتی ہے۔

چیئرمین بزنس مین گروپ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کہیں جانے والانہیں ہے، معمولات زندگی اور کاروبار بحال کرنے ہوں گے۔

سراج قاسم تیلی نے کہا کہ ملک کوکورونا وبا سے اور معاشی بحران سے بچانا ہوگا۔

یاد رہے کہ 18 مئی کو سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ ہفتہ اور اتوار کو بھی ملک کی تمام چھوٹی مارکٹیں کھلی رکھی جائیں۔ سپریم کورٹ نے تمام شاپنگ مالز کو 7 دنوں کےلیے کھولنے کی ہدایت بھی کردی تھی۔

کورونا وائرس سے متعلق ازخودنوٹس کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے تھے کہ کیا کورونا وائرس نے حکومتوں سے وعدہ کر رکھا ہے کہ وہ ہفتہ اور اتوار کو نہیں آئے گا؟ ۔

سپریم کورٹ نے ہفتہ اتوار کو کاروبار بند رکھنے کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ دو دن کاروبار بند رکھنے کا حکم آئین کی خلاف ورزی ہے۔

چیف جسٹس نے حکم دیا تھا کہ عدالت توقع کرتی ہے کہ وزارت صحت کوئی غیر ضروری رکاوٹ پیدا نہیں کرے گی، تمام مارکیٹوں اور شاپنگ مالز میں ایس او پیز پر عملدرآمد کی ذمہ داری متعلقہ حکومتوں پر ہوگی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 59ہزار 151 تک پہنچ گئی ہےاور1225 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: لاک ڈاون خلاف ورزی: کراچی میں 105 افراد گرفتار، 40 مقدمات درج

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید ایک ہزار446 کیسز رپورٹ ہوئے اور مجموعی طور پر 19 ہزار142 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض سندھ میں ہیں جہاں تعداد 23 ہزار 507 تک پہنچ گئی ہے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے پنجاب میں 21 ہزار118، خیبرپختونخوا 8ہزار259، بلوچستان3536، اسلام آباد 1879، گلگت بلتستان638 اور آزاد کشمیر میں 214 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں جہاں 416 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 374، پنجاب میں 362، اسلام آباد میں 18، گلگت بلتستان میں9، بلوچستان میں42 اور آزاد کشمیر میں 4شخص کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں