بھارتی جارحیت کیخلاف پاکستانی عوام اور افواج تیار ہیں، وزیر خارجہ


اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت کی تو پاکستانی عوام اور افواج تیارہیں۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بحیثیت وزیرخارجہ بھارت کودوٹوک اعلان ہے کہ وہ امن سے رہے اور ہوش کے ناخن لے۔ بھارت جارحیت پرتلا ہواہے۔ بھارت کی جانب سےکوئی بھی جارحیت کی گئی تومنہ توڑجواب دیا جائےگا۔

شاہ محمودقریشی نے کہا کہ بھارت پاکستان کواشتعال دلانے کی کوشش کررہاہے۔ ہم نےصبرکادامن نہیں چھوڑا اور نہ چھوڑیں گے۔ ہم اپنے دفاع کا بھرپورحق رکھتے ہیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا کہ آج پاک فوج نے بھارت کا ڈرون مارگرایا۔ ہم امن کے راستے کو ترجیح دیتے ہیں۔ امن کو ہماری کمزوری نہ سمجھاجائے۔

اس سے قبل ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا تھا کہ بھارت کو مذاکرات کا طریقہ اپنا کر معاملہ سلجھانا چاہیے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد: پاک فوج نے بھارتی جاسوس ڈرون مار گر ایا

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت اپنے اندرونی معاملات سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے اور بھارت جو مقبوضہ وادی میں کر رہا ہے وہ دنیا دیکھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ بھارت پاکستان کے خلاف افغانستان کی سرزمین استعمال کرتا رہا ہے اور اب بھارت متنازع علاقے میں فضائی پٹی بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ بھارت کو مذاکرات کا طریقہ اپنا کر معاملہ سلجھانا چاہیے۔ بھارت کے جارحانہ رویے سے خطے کا امن داؤ پر لگا ہوا ہے۔ چین نے کبھی بھی جارحیت نہیں کی۔

گزشتہ ہفتے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سیکرٹری جنرل اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) ڈاکٹر یوسف سے  رابطہ کر کے انہیں مقبوضہ کشمیرکی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیرمیں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی بھارتی کوششوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا تھا کہ ڈومیسائل قوانین میں ترمیم سلامتی کونسل کی قراردادوں اور جینیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔

 


متعلقہ خبریں