پاکستان میں کورونا سے61 ہزار 227 افراد متاثر،1260 جاں بحق



اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 61 ہزار 227 تک پہنچ گئی ہے اور 1260 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 2 ہزار76  کیسز رپورٹ ہوئے اور مجموعی طور پر 20 ہزار 231 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض سندھ میں ہیں جہاں تعداد 24 ہزار 206 تک پہنچ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی ادارہ صحت کا انتباہ: کورونا دوبارہ شدت پکڑ سکتا ہے

کورونا وائرس کی وجہ سے پنجاب میں 22 ہزار37، خیبرپختونخوا 8 ہزار 483، بلوچستان 3,616، اسلام آباد 2,015، گلگت بلتستان 651 اور آزاد کشمیر میں 219 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں جہاں 425 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 380، پنجاب میں 381، اسلام آباد میں 19، گلگت بلتستان میں 9، بلوچستان میں 41 اور آزاد کشمیر میں 5 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 8 ہزار 687  ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر پانچ لاکھ  آٹھ ہزار 86 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو رجسٹرڈ ہوا اور ایک ہزاراموات 21 مئی تک ہوئیں۔ ایک ہزار اموات ہونے میں 85 دن لگے۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز ایک لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ اور جون میں سب سے زیادہ کیسز سامنے آسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد 24 ہزار سے تجاوز کر گئی، وزیر اعلیٰ سندھ

پاکستان میں کورونا وائرس کو سامنے آئے دو ماہ سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے۔ ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔


متعلقہ خبریں