سندھ اسمبلی کے 8 ارکان کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے



کراچی: سندھ اسمبلی کے آٹھ اراکین میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

3 جون کو سندھ اسمبلی کا اجلاس شیڈول ہے جس میں شرکت کے لیے تمام اراکین کو کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔

سیکرٹری سندھ اسمبلی کا کہنا ہے کہ کورونا ٹیسٹ کرائے بغیرکسی رکن کو اسمبلی آنے کی اجازت نہیں ہوگی، ڈپٹی اسپیکراوراسپیکر سندھ اسمبلی بھی کورونا ٹیسٹ کرائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا سے61 ہزار 227 افراد متاثر،1260 جاں بحق

سیکریٹری سندھ اسمبلی کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ محکمہ صحت کی ہدایت پر تمام ارکان اسمبلی کوعمل کرنا ہوگا۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 61 ہزار 227 تک پہنچ گئی ہے اور 1260 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 2 ہزار76  کیسز رپورٹ ہوئے اور مجموعی طور پر 20 ہزار 231 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض سندھ میں ہیں جہاں تعداد 24 ہزار 206 تک پہنچ گئی ہے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے پنجاب میں 22 ہزار37، خیبرپختونخوا 8 ہزار 483، بلوچستان 3,616، اسلام آباد 2,015، گلگت بلتستان 651 اور آزاد کشمیر میں 219 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں جہاں 425 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 380، پنجاب میں 381، اسلام آباد میں 19، گلگت بلتستان میں 9، بلوچستان میں 41 اور آزاد کشمیر میں 5 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی ادارہ صحت کا انتباہ: کورونا دوبارہ شدت پکڑ سکتا ہے

پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو رجسٹرڈ ہوا اور ایک ہزاراموات 21 مئی تک ہوئیں۔ ایک ہزار اموات ہونے میں 85 دن لگے۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز ایک لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ ہے اور جون میں سب سے زیادہ کیسز سامنے آسکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں