پاکستان نے دفاع کیلئے ایٹمی صلاحیت حاصل کی،آئی ایس پی آر


اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ 28 مئی 1998 کو پاکستان نے کامیابی سے دفاع کیلئے ایٹمی صلاحیت حاصل کی تھی۔

آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ایٹمی دفاعی صلاحیت حاصل کرنے کا مقصد خطے میں طاقت کا توازن برقرار رکھنا تھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ملک کو ایٹمی طاقت بنانے میں ابتدائی منصوبہ بندی سے تکمیل تک شامل تمام افراد کو مسلح افواج سلام پیش کرتی ہیں۔ مسلح افواج سائنسدانوں اور انجینئروں کوخصوصی طورپرخراج تحسین پیش کرتی ہیں۔

خیال رہے کہ 28 مئی 1998 کو پاکستان نے بھارت کی جانب سے کیے گئے پانچ ایٹمی دھماکوں کے جواب میں چھ دھماکے کیے تھے۔ ایٹمی دھماکوں کے بعد امریکہ نے بھارت اور پاکستان دونوں پر اقتصادی پابندیاں لگائی تھیں۔ امریکہ نے دونوں ممالک پر لگائی گئیں اقتصادی پابندیاں بعد میں ہٹائی تھیں۔

اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کی رہنما مریم نواز ایٹمی قوت بنانے والوں کی محنت کو اپنے خاندان سے نہ جوڑیں۔

مزید پڑھیں: ایٹمی دھماکہ کر کے ن لیگ نے ملک کو نیا استحکام بخشا، شہبازشریف

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا تھا کہ پاکستان کو آج کے دن ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔ ہماری ایٹمی قوت عوام کے تحفظ وسلامتی کی ضامن ہے جبکہ قومی وقار اور سالمیت ہمارے لیے سب سے مقدم ہے۔

پاکستان کی جانب سے کیے گئے ایٹمی دھماکوں سے متعلق اپنے بیان میں  پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے  28 مئی کا دن ہم سب کیلئے ناقابل فراموش ہے، آج ہی کے دن مسلم لیگ ن کی حکومت نے ایٹمی دھماکہ کر کے ملک کو نیا استحکام بخشا۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے 5 دھماکوں کے مقابلےمیں 6 دھماکے کیے۔ ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیربنایاگیا۔

شہبازشریف نے کہا کہ ملکی دفاع پرکسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔ ملکی تاریخ میں ایٹمی دھماکوں کا فیصلہ یاد رکھا جائے گا۔ سب جانتے ہیں کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے بھاری معاشی پیکج  ٹھکرایا۔


متعلقہ خبریں