کورونا سے مشترکہ عالمی کوششوں سے ہی نمٹا جاسکتا ہے، وزیراعظم


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وبا عالمی مسلہ ہے، مشترکہ کوششوں سے ہی اس سے نمٹا جاسکتا ہے۔

کورونا وائرس کے بعد ترقی اورسرمایہ کاری پر ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترقی پذیرممالک کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہوئے ہیں۔ نائیجریا، ایتھوپیا اورمصرکو ہمارے جیسےمسائل کا سامناہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب تک اس مسئلے کوعالمی مسئلے کے طور پر حل نہیں کیا جاتا، اس سے نمٹنا مشکل ہوگا۔ ترقی یافتہ ممالک ملکر اس مسئلے کا حل نکال سکتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے موسمیاتی تبدیلی کیلئے بلین ٹری منصوبے پر کام کیا ہے۔ ترقی یافتہ ممالک کوچاہیے کہ ترقی پذیرممالک کی معاونت کریں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہماری برآمدات متاثر ہوئیں۔ ترقی پذیرملکوں کی اس سے زیادہ مدد ہونی چاہیے جو اب تک کی جاچکی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث عالمی معیشت کو 8 اعشاریہ 8 ٹریلین ڈالر کا نقصان ہوسکتا ہے۔

اے ڈی بی کی کورونا وائرس کے باعث معاشی نقصان سے متعلق جاری رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث عالمی معیشت میں 9 اعشاریہ 7 فی صد تک گراوٹ ہو سکتی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ایشیائی ممالک کو کورونا وائرس کے باعث 1 اعشاریہ 7 ٹریلین ڈالر نقصان کا خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 3 لاکھ 3 ہزار سے تجاوز کرگئی

ایشیائی ترقیاتی بینک کی جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ کورونا  کے باعث چین کو 1 اعشاریہ 1 ٹریلین ڈالر سے زائد نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے تمام ممالک کی حکومتیں اقدامات کر رہی ہیں، دنیا بھر میں صحت کے شعبے میں بہتری کےلیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اے ڈی بی کی کورونا وائرس کے باعث معاشی نقصان سے متعلق جاری رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ وائرس سے دنیا بھر میں سیاحت، سرمایہ کاری کو شدید نقصان پہنچا۔


متعلقہ خبریں