‘وزیراعظم نے اپنے معاونین خصوصی کو 15 روز میں اثاثے ظاہرکرنے کا کہا ہے’


اسلام آباد: وزیراطلاعات ونشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے اپنے معاونین خصوصی کو 15 روز میں اثاثے ظاہرکرنے کا کہا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج ہی کے دن پاکستان ایٹمی قوت بنا۔ آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے اگر ہم کوئی کام کرنا چاہیں تو وہ کرسکتے ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ ن لیگ کے دورمیں آئی پی پیز کو486 ارب روپے جاری کیے گئے۔ لیگی حکومت کوئی بھی کام مفت میں نہیں کرتی تھی۔ یہ چھکے مارنے کے چکر میں ہوتے ہیں، سنگل نہیں لیتے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ سابق حکومتوں نے اداروں میں اپنے لوگ بھرتی کیے۔ ماضی میں اپنے کاروبارکو دوام بخشنے کیلئے اداروں کومفلوج کیا۔

مزید پڑھیں: شوگر مافیا کا سب سے بڑا سرغنہ شریف خاندان ہے، شبلی فراز

شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کرپشن کے خاتمے کیلئے آئے ہیں۔ کورونا وائرس کے بارے میں  وزیراعلیٰ سندھ اور بھارتی وزیراعظم مودی کی حکمت عملی ایک جیسی تھی۔ عمران خان کی کورونا کے خلاف حکمت عملی بہترین تھی۔

انہوں نے کہا کہ افریقہ سے ٹڈی دل کے متوقع حملے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ ٹڈی دل کےخاتمے کیلئے مزید 6 جہاز 15 جولائی تک مل جائیں گے۔

وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعطم شاہد خاقان عباسی نے شوگرمافیا کو نوازا۔ شاہد خاقان عباسی نے شوگرڈیڈی کوخوش کرنے کیلئے سبسڈی دی۔ سبسڈی کا فائدہ کسانوں کو ہونا چاہیے۔

شبلی فراز نے کہا کہ سابق حکومت نے ہیر پھیرکیلئے اداروں کواستعمال کیا۔ شوگرانکوائری رپورٹ عوام کےسامنے ہے۔ عمران خان مزید مافیاز کو بھی بے نقاب کریں گے۔ شوگرانکوائری رپورٹ کومنطقی انجام تک پہنچایٔیں گے۔


متعلقہ خبریں