‘سپریم کورٹ کی ہدایات پر سندھ میں کاروباری سرگرمیاں 31مئی تک جاری رہیں گی’


کراچی: وزیراطلاعات سندھ ناصرشاہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں کاروباری سرگرمیاں 31 مئی تک جاری رہیں گی۔

ایک بیان مین وزیراطلاعات سندھ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے 18 مئی کو ہدایات دی تھیں کاروباری سرگرمیاں 31 مئی تک جاری رہیں گی۔

ناصرشاہ نے کہا ہے کہ  وفاقی حکومت نے مشاورت کے ساتھ 31 مئی تک لاک ڈاؤن کا حکم  دیا تھا۔ 31 مئی سے پہلے وفاقی حکومت نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول کا اجلاس طلب کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ این سی  سی اجلاس میں لاک ڈاوَن سے متعلق صوبوں کی مشاورت سے فیصلے ہوں گے۔ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو کاروباری سرگرمیاں دیےگئے اوقات کے مطابق جاری رہیں گی۔

اس سے قبل تاجروں نے موقف اختیار کیا تھا کہ وہ جمعہ سے لیکراتوار تک تین دن تمام مارکٹیں کھولیں گے جبکہ نمازجمعہ کے اوقات میں دکانیں بند کریں گے۔

دوسری جانب کمشنر کراچی  افتخار شالوانی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے فیصلے کی روشنی میں کراچی میں جمعہ کو سخت لاک ڈاوَن ہوگا۔

مزید پڑھیں: سندھ اسمبلی کے 8 ارکان کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض سندھ میں ہیں جہاں تعداد 24 ہزار 206 تک پہنچ گئی ہے۔ کراچی میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 19 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ کورونا وائرس کے باعت سندھ میں اب تک 380 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 61 ہزار 227 تک پہنچ گئی ہے اور 1260 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 2 ہزار76  کیسز رپورٹ ہوئے اور مجموعی طور پر 20 ہزار 231 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

کورونا وائرس کی وجہ سے پنجاب میں 22 ہزار37، خیبرپختونخوا 8 ہزار 483، بلوچستان 3,616، اسلام آباد 2,015، گلگت بلتستان 651 اور آزاد کشمیر میں 219 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں