آئی سی سی بورڈ اجلاس: ٹی20 ورلڈ کپ سے متعلق فیصلہ نہ ہوسکا



انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بورڈ  کی ٹیلی کانفرنس میں مینز ٹی20 ورلڈکپ 2020 کے انعقاد یا ملتوی ہونے سے متعلق فیصلہ نہ ہوسکا۔

آئی سی سی کے صدرششانک منوہر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں تمام ممبر ممالک کے بورڈز کے سربراہان نے وڈیولنک کے ذریعے شرکت کی۔

آئی سی سی بورڈ  کی ٹیلی کانفرنس میں ٹی20 ورلڈکپ کے حوالے سے فیصلہ 10جون تک ملتوی کردیا گیا۔ ایجنڈے میں شامل دیگر تمام معاملات بھی 10جون تک ملتوی کردیے گئے۔

آئی سی سی اجلاس میں کرکٹ بورڈزکے ساتھ بات چیت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 10جون کو آئی سی سی کے اگلے اجلاس تک تمام بورڈ ممبران کے ساتھ رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔

مزید پڑھیں: کوہلی کے مقابلے میں کرس گیل ٹی ٹوئنٹی کے بہترین کھلاڑی قرار

آئی سی سی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر بورڈز کے ساتھ تجاویز پربات چیت جاری رہے گی۔

آئی سی سی اجلاس میں کچھ ممبران کی جانب سے بورڈ میٹنگ کی باتیں باہرنکلنے پرتشویش کا اظہار کیا گیا۔

خیال رہے کہ ساتواں آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2020 آسٹریلیا میں18 اکتوبر سے 15 نومبر تک کھیلا جانا ہے۔

اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ منتظمین کا کہنا تھا کہ ابھی سب کچھ پلان کے مطابق ہے اور فیصلے میں کوئی جلدی نہیں ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث کئی لیگز اور کھیلوں کےبین الاقوامی مقابلے منسوخ ہو چکے ہیں، اورٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے منسوخ ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔


متعلقہ خبریں