ملک میں ایک روز میں کورونا سے رکارڈ 57 اموات



اسلام آباد: پاکستان میں ایک روز میں کورونا سے مزید 57 افراد زندگی کی بازی ہارگئے، جس کے بعد ملک بھر میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 1317 ہوگئی۔

ملک بھر میں  کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 64 ہزار 28 تک پہنچ گئی ہے۔

دوسری جانب معاون خصوصی برائے صحت ظفرمرز نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسزاوراموات میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے۔

ملک میں کورونا وائرس کی تازہ صورت حال سے متعلق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز پر بھی مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہاہے۔ ملک بھرمیں 157 لوگ وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 2 ہزار636 کیسز رپورٹ ہوئے اور مجموعی طور پر 22 ہزار 305 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض سندھ میں ہیں جہاں تعداد 25 ہزار 309 تک پہنچ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی ادارہ صحت کا انتباہ: کورونا دوبارہ شدت پکڑ سکتا ہے

کورونا وائرس کی وجہ سے پنجاب میں 22 ہزار964، خیبرپختونخوا 8 ہزار 842، بلوچستان 3,928، اسلام آباد 2,100، گلگت بلتستان 658 اور آزاد کشمیر میں 227 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں جہاں 432 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 396، پنجاب میں 410، اسلام آباد میں 22، گلگت بلتستان میں 9، بلوچستان میں 43 اور آزاد کشمیر میں 5 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 11 ہزار 931  ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر پانچ لاکھ  20 ہزار 17 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو رجسٹرڈ ہوا اور ایک ہزاراموات 21 مئی تک ہوئیں۔ ایک ہزار اموات ہونے میں 85 دن لگے۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز ایک لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ اور جون میں سب سے زیادہ کیسز سامنے آسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد 24 ہزار سے تجاوز کر گئی، وزیر اعلیٰ سندھ

پاکستان میں کورونا وائرس کو سامنے آئے دو ماہ سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے۔ ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔


متعلقہ خبریں