سابق کرکٹر وقاریونس کا سوشل میڈیا چھوڑنے کا اعلان



لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس نے سوشل میڈیا چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئندہ اس کا استعمال نہیں کریں گے۔

وقار یونس نے کہا ہے کہ مجھے اپنی فیملی زیادہ عزیزہے اس لیے آئندہ سوشل میڈیا نہ استعمال کرنے کا اعلان کر رہا ہوں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ نے بتایا’ میں صبح اٹھا تو پتا چلا میرے اکاؤنٹ سے انتہائی نازیبا ویڈیو کو لائیک کیا گیا ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے اورمیری فیملی کیلئے بڑی افسوسناک، تکلیف دہ اورشرمناک بات ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میرا سوشل میڈیا اکاوَنٹ پہلے بھی ہیک کیا گیا تھا۔ باؤلنگ کوچ نے کہا کہ وہ اکاؤنٹ ہیک ہونے پر سوشل میڈیا چھوڑنے کا اعلان کررہے ہیں۔

ٹوئٹر پر اپ لوڈ کی گئی اپنی آخری ویڈیو میں وقار یونس نے بتایا کہ’ کسی نے پہلے بھی میرا اکاؤنٹ ہیک کیا تھا اور مجھے لگتا ہے کہ یہ انسان باز نہیں آئے گا، لہذا میں نے سوشل میڈیا کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے‘۔ وقار یونس کے ٹوئٹر پر دس لاکھ 17 ہزار سے زائد فالورز ہیں اور ان کا اکاؤنٹ تصدیق شدہ ہے۔

گزشتہ دنوں وقار یونس کے اکاؤنٹ سے ایک انتہائی نازیبا ویڈیو لائیک ہوئی جس کے سبب وہ مزید وائرل ہوگئی اور سوشل میڈیا صارفین نے سابق کرکٹر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ مذکورہ ویڈیو دو سال قبل ٹویٹ کی گئی تھی لیکن وقار یونس کے لائک کے سبب یہ سب سے اوپر نظر آرہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا تھا سوشل میڈیا ایک دوسرے سے رابطہ کرنے کا ذریعہ ہے، اس انسان نے پہلی مرتبہ نہیں اس سے پہلے بھی میرا اکاؤنٹ ہیک کیا یہ انسان تو باز نہیں آئے گا لیکن میں نے سوشل میڈیا چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

سابق کرکٹر نے کہا کہ آج کے بعد آپ مجھے سوشل میڈیا پر نہیں دیکھیں گے اور اگر کسی کو اس بات سے تکلیف ہوئی ہے تو میں معذرت خواہ ہوں۔


متعلقہ خبریں