حکومت کورونا وائرس سے اموات کی اصل تعداد نہیں بتا رہی، ینگ ڈاکٹرز کا الزام

فوٹو: فائل


اسلام آباد: ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائے ڈی اے) نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت کورونا وائرس سے اموات کی اصل تعداد نہیں بتا رہی۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے جنرل اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو کورونا وائرس کے متاثرین کے حوالے سے سچ بتائیں۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران ڈاکٹر عمار یوسف کا کہنا تھا کہ 90 سے زائد ڈاکٹر اور 10 سے زیادہ نرسیں کورونا وائرس سے متاثر ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا: پاکستان میں 64 ہزار سے زائد افراد متاثر، 1317 جاں بحق

انہوں نے کہا کہ جنرل اسپتال میں100 سے زائد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنا خطرناک ہے، ڈاکٹر ثنا فاطمہ ڈاکٹرز اسپتال میں آج کورونا کے باعث جاں بحق ہوگئیں۔

ڈاکٹر عمار یوسف کا کہنا تھا کہ حکومت کا شاپنگ مالز کھولنے کا فیصلہ انتہائی غلط تھا، ہماری تنظیم کے متعدد عہدیداران بھی اس موذی وبا سے متاثر ہوئے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران ئنگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیدار ڈاکٹر ارسلان بٹ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں مریضوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے مگر پلازمہ تھراپی پر پنجاب حکومت نے کام نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ وائے ڈی اے جنرل اسپتال اب اپنے طور پر ایک پورٹل بنا رہی ہے، اس پورٹل میں کورونا پازیٹو ہو کر صحت مند ہونے والے افراد کے نمبر محفوظ ہوں گے۔

ڈاکٹر ارسلان بٹ نے کورونا وائرس کا شکار ہوکرصحت مند ہونے والے افراد سے گزارش کی کہ پلازما عطیہ کریں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 64 ہزار 28 تک پہنچ گئی ہے اور 1317 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 2 ہزار636 کیسز رپورٹ ہوئے اور مجموعی طور پر 22 ہزار 305 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض سندھ میں ہیں جہاں تعداد 25 ہزار 309 تک پہنچ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی ادارہ صحت کا انتباہ: کورونا دوبارہ شدت پکڑ سکتا ہے

کورونا وائرس کی وجہ سے پنجاب میں 22 ہزار964، خیبرپختونخوا 8 ہزار 842، بلوچستان 3,928، اسلام آباد 2,100، گلگت بلتستان 658 اور آزاد کشمیر میں 227 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں جہاں 432 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 396، پنجاب میں 410، اسلام آباد میں 22، گلگت بلتستان میں 9، بلوچستان میں 43 اور آزاد کشمیر میں 5 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں