پاکستان میں کورونا کیسز اور اموات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، ظفرمرزا


اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ظفرمرز نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسزاوراموات میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے۔

ملک میں کورونا وائرس کی تازہ صورت حال سے متعلق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز پر بھی مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہاہے۔ ملک بھرمیں 157 لوگ وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

معاون خصوصی ظفرمرزا کا کہنا تھا کہ وینٹی لیٹرپروہی مریض جاتےہیں جن کے پھیپھڑے کام کرنا چھوڑجاتے ہیں، تاہم ہمارے پاس وافرمقدارمیں وینٹی لیٹرزاور بیڈزموجود ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان میں اب تک کوروناکے 5لاکھ 20ہزارسے زائدٹیسٹ کراچکے ہیں۔پاکستان میں کورونا کے 64 ہزار کنفرم کیسزہیں۔

معاون خصوصی بڑائے صحت کا بتانا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں 2636 کورونا کیسزرپورٹ ہوئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ 57 مریض جاں بحق ہوئے۔ پاکستان میں 35 فیصد مریض مکمل صحت یاب ہوچکے ہیں۔

ڈاکٹرظفرمرزا نے کہا کہ دنیا بھرمیں کورونا وائرس سے 3لاکھ 62ہزار ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسپتالوں کی صورتحال سے متعلق سسٹم سے کل آگاہ کروں گا۔ ایک ایسا سسٹم بنایاہے جو ہمیں اسپتالوں کی صورتحال سے آگاہ رکھے گا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ  کورونا سے انتقال ہونے والوں سے متعلق نیا ہدایت نامہ جاری کیاہے۔ کورونا سے فوت ہونے والے شخص کو احتیاطی تدابیرکے ساتھ غسل دیا جاسکتاہے۔ احتیاطی تدابیرکے ساتھ قریبی افراد فوت شدہ شخص کے نمازجنازے میں بھی شریک ہوسکتےہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 64 ہزار 28 تک پہنچ گئی ہے اور 1317 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 2 ہزار636 کیسز رپورٹ ہوئے اور مجموعی طور پر 22 ہزار 305 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض سندھ میں ہیں جہاں تعداد 25 ہزار 309 تک پہنچ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی ادارہ صحت کا انتباہ: کورونا دوبارہ شدت پکڑ سکتا ہے

کورونا وائرس کی وجہ سے پنجاب میں 22 ہزار964، خیبرپختونخوا 8 ہزار 842، بلوچستان 3,928، اسلام آباد 2,100، گلگت بلتستان 658 اور آزاد کشمیر میں 227 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں جہاں 432 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 396، پنجاب میں 410، اسلام آباد میں 22، گلگت بلتستان میں 9، بلوچستان میں 43 اور آزاد کشمیر میں 5 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 11 ہزار 931  ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر پانچ لاکھ  20 ہزار 17 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں