سندھ: تعلیمی ادارے بدستور بند، امتحانی بورڈز کے دفاتر کھلیں گے


کراچِی: کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر محکمہ تعلیم سندھ نے یکم جون کے بعد بھی تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے بھرکے تمام امتحانی بورڈز کو یکم جون کے بعد ایس او پیز کے تحت دفاتر کھولنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن  کے مطابق 12 مئی کو اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں صوبے بھر کے تمام  نجی اورسرکاری تعلیمی ادارے یکم جون کے بعد بھی بند رہیں گے۔

محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق تعلیمی ادارے کب کھولے جائیں گے یہ فیصلہ تاحال نہیں کیاگیا۔

محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پہلی سےآٹھویں جماعت تک کے طالب علموں کواگلی جماعت میں پروموٹ کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا، ملک بھرمیں تعلیمی ادارے 31 مئی تک بند رکھنے کا اعلان

اس سے قبل کورونا  وائرس کے پھیلاو کے خدشے کے پیش نظر بندش کے بعد پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں نجی اسکولوں کو ہفتے میں 2 روز دفاترکھولنے کی اجازت دے دی تھی۔

صوبائی وزیرتعلیم مراد راس نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ نجی اسکولوں کو ایس او پیز کے مطابق ہفتے میں صرف دو دن دفاتر کھولنے کی اجازت ہوگی۔

صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جون میں ہر ہفتے پیراور منگل کوایس اوپیزکے تحت انتظامی امور چلانے کے لیے دفاترکھولنےکی اجازت ہوگی۔

صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نجی اسکولوں کو دفاتر کھولنے کی اجازت فیسوں کی وصولی اوراساتذہ کی تنخواہوں کو تقسیم کیلئے دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر وفاقی حکومت نے  ملک بھر میں تعلیمی ادارے 15جولائی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

7 مئی کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں تمام بورڈز کے امتحانات بھی منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

اجلاس کے بعد وزیرتعلیم شفقت محمود نے بتایا تھا کہ قبل ازیں 13 مئی کو تعلیمی ادارے کھولنے جبکہ جون اور جولائی میں امتحانات لینا کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم کورونا کی صورتحال مزید ابتر ہونے کے سبب ایسے فیصلے لینے پڑ رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں