کراچی: ٹرانسپورٹرز کا یکم جون سے بسیں چلانے کا اعلان



کراچی: ٹرانسپورٹرز نے کراچی میں یکم جون سے بسیں چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔

آل کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ حکومت نے ٹرانسپورٹ چلانے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن اب تک کوئی حتمی اعلان نہ ہو سکا۔

انہوں نے کہا کہ 2 ماہ انتظارکے بعد اب ہم مجبور ہیں کہ اپنی بسیں سڑکوں پر لے آئیں۔ اب ہم مزید انتظار نہیں کرسکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسافر بس میں سوار ہونے سے پہلےایس و پیز کا خیال رکھیں، ڈرائیور سمیت بس میں سوار تمام مسافرماسک پہننے کے پابند ہوں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیر پنجاب ٹرانسپورٹ جہانزیب خان اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے پر آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ ایسو سی ایشن نے گاڑیاں چلانے کا اعلان کیا تھا۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عام آدمی کو بہتر سے بہتر سفری سہولیات کی فراہمی ہمارا مشن ہے اور کورونا سے بچاؤ کیلئے حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد بھی کرایا جائے گا۔

موٹروے پر چلنے والی ٹرانسپورٹ وفاقی حکومت کے ایس او پیز پر عمل کرے گی اور جی ٹی روڈ پر چلنے والی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 20فیصد کمی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں ایس او پیز کے تحت مزارات کھولنے کا فیصلہ

حکومت کی جانب سے دیئے گئے ایس او پیز کے مطابق ٹرانسپورٹرز کو نہ صرف سواریوں میں تین فٹ کا فاصلہ برقرار رکھنا ہو گا بلکہ کرائے بھی کم کرنا ہوں گے۔

ایس او پیز کے تحت مسافروں کے درمیان 3 فٹ کا فاصلہ رکھاجائے گا۔ روٹ مکمل ہونے کے بعد بس کو ڈس انفیکٹ کیا جائے گا اور بس اڈوں پر سینیٹائزر کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔

مسافروں کیلئے ماسک اور گلوز لازمی قرار دیا گیا ہے جب کہ بخار یا کھانسی سے متاثرہ مسافر وں کو بس میں سوار ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔


متعلقہ خبریں