طیارہ حادثہ، سینئر صحافی انصار نقوی کی نمازجنازہ ادا کر دی گئی


کراچی: پی آئی اے طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے سینئر صحافی انصار نقوی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

ہم نیوز کے مطابق انصار نقوی کی نمازجنازہ کراچی کے علاقے گلستان جوہر کی مسجد میں ادا کی گئی جس میں شعبہ صحافت سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

انصارنقوی کی تدفین بلاک 19 میں واقع سی او ڈی قبرستان میں کی جائے گی۔

طیارہ حادثہ: 64 میتیں ورثا کے حوالے کرچکے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

خیال رہے کہ سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں بتایا تھا کہ ڈی این اے کے ذریعے انصار نقوی کی لاش کی شناخت ہو گئی ہے۔

 

دوسری جانب وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے 97 مسافروں میں سے 64 کی میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے 25 مسافروں کی شناخت ہوئی جن کی میتیں ورثا کے حوالے کی جا چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: طیارہ حادثہ: پائلٹ نے کریش لینڈنگ کیلئے ٹاور کو اطلاع  نہیں دی، غلام سرور

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ اس وقت 11 مسافروں کی میتیں  چھیپا کے پاس ہیں جب کہ 22 میتیں ایدھی کے سرد خانے میں ہیں۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ ایک ڈی این اے ٹیسٹ ابھی میچ ہونا باقی ہے، ڈی این اے ٹیسٹوں کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ورثا کے دکھ اور درد میں برابر کے شریک ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے پی آئی اے کا مسافر طیارہ کراچی میں لینڈنگ سے کچھ دیر قبل رہائشی علاقے ماڈل کالونی میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔

طیارے میں 92  مسافر اور عملے کے 8 ارکان سوار تھے۔ طیارہ حادثے میں دو افراد بشمول بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔


متعلقہ خبریں