‘فلورملز اور سیڈ کمپنیاں جتنی چاہیں گندم خرید سکتی ہیں’


اسلام آباد: سینئر وزیر پنجاب علیم خان نے کہا ہے کہ فلورملزاور سیڈکمپنیاں جتنی چاہیں گندم خرید سکتی ہیں۔

صوبے میں گندم کی دستیابی کی صورت حال سے متعلق  اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ گندم کی بھرپورخریداری متعلقہ محکموں کی مشترکہ کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہ صوبےمیں خوراک کی جامع پالیسی تشکیل دینے پرغورکررہے ہیں۔ آئندہ سال گندم کی خریداری کا حجم اور طریقہ کارتبدیل کریں گے۔

مزید پڑھیں: پنجاب: اساتذہ کو گندم کی اسمگلنگ روکنے پر مامور کرنےکا فیصلہ

سینئرعلیم خان نے کہا کہ پنجاب گندم میں خودکفیل ہے، کوئی قلت نہیں ہوگی۔ سرکاری گندم کی خریداری کے بعد خیبرپختونخوا کیلئے بندوبست کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اورخیبرپختونخوا کے خوراک کے محکمے مشترکہ طور پرگندم کی خریداری کریں گے۔

خیال رہے کہ 12 مئی کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی تھی کہ وہ گندم خریداری کا ہدف ہرصورت پورا کریں۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ غیرمعمولی حالات میں ہمیں فوڈ سیکیورٹی کو ہرصورت یقینی بناناہے۔ پنجاب حکومت اب تک 32 لاکھ 50 ہزارمیٹرک ٹن گندم خریدچکی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا تھا کہ حکومت کے پاس گوداموں میں مجموعی طور پر 35لاکھ 10ہزار میٹرک ٹن گندم موجود ہے۔

عثمان بزدار نے کہا تھا کہ 91 فیصد سے زائد باردانہ  کاشتکاروں میں تقسیم کیا جاچکا ہے۔ گندم خریداری مہم کا تقریباً 73 فیصد ہدف حاصل ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ پنجاب حکومت ہدف کے حصول تک گندم خریداری مہم جاری رکھے گی۔ کورونا وبا کے باعث ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدارکا کہنا تھا کہ موجودہ حالات کو مدنظررکھ کرغیرمعمولی اقدامات کرناہوں گے۔

مئی کے پہلے ہفتے  پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کے دوران 5 ہزار 760 بوری گندم برآمد کی گئی تھی۔

اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد کے مطابق ماچھی گوٹھ کے قریب گودام میں چھاپہ مارا گیا تھا جہاں سے ہزاروں کی تعداد میں ذخیرہ کی گئی گندم کی بوریاں برآمد ہوئی تھی۔


متعلقہ خبریں