بھارت میں ملک گیر لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان


نئی دہلی: بھارت میں کورونا وائرس کے باعث نافذ کیا گیا ملک گیرلاک ڈاوَن ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلےمرحلے میں عبادت گاہیں، ریسٹورنٹس اور شاپنگ مالز کھولےجائیں گے۔

بھارتی وزارت داخلہ نے دوسرے مرحلے میں ریاستی حکام سے مشورے کے بعد تعلیمی ادارے کھولنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ 30 جون تک مخصوص علاقوں میں لاک ڈاوَن برقرار رہے گا۔

خیال رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد ہے۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد  ساٹھ لاکھ 33 ہزار سے تجاوز کرگئی اور تین لاکھ 66 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جب کہ چھبیس لاکھ 61 ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہوئے۔

امریکہ میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ چار ہزار سے بڑھ گئی ہے اور کورونا کے مریضوں کی تعداد سترہ لاکھ  93 ہزار سے زیادہ ہو گئی۔

برازیل امریکہ کے بعد چار لاکھ سے زائد کورونا کیسز والا دوسرا ملک بن گیا ہے اور کیسز کی تعداد چار لاکھ 68 ہزار تک پہنچ گئی ہے جب کہ 27 ہزار سے زائد مریض ہلاک ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا سے61 ہزار 227 افراد متاثر،1260 جاں بحق

برطانیہ میں دو لاکھ 71 ہزار سے زائد کورونا وائرس کے مریض ہیں اور 38 ہزار ایک سو سے زائد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

برطانیہ میں کورونا ٹیسٹ اینڈ ٹریس سسٹم لاگو کورونا کے مریض سے گزشتہ چند روز میں ملاقات کرنے والے تمام افراد کو ٹریس کر کے آئسولیٹ کیا جائے گا۔

روس میں کورونا وائرس سے مزید 92 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار تین سو سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد تین لاکھ 87 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

اٹلی میں کورونا وبا سے مزید 92 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 33 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 32 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

فرانس میں کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 28 ہزار 7 سو سے بڑھ گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 86 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔


متعلقہ خبریں