کورونا: احتیاط نہ کی گئی تو اسپتالوں میں جگہ ختم ہو جائے گی، میئر کراچی

کراچی کے مسائل بغیر فنڈز کے حل نہیں ہو سکتے، میئر کراچی

فائل فوٹو


کراچی: آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے شہر میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسز کے سبب میئر کراچی وسیم اختر پریشان ہوگئے اور کہتے ہیں کہ احتیاط نہ کی گئی تواسپتالوں میں جگہ ختم ہوجائے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شہری غیرضروری گھرسےباہرنہ نکلیں، ایسا نہ ہو کہ کورونا مریضوں کی تعداد بڑھنے کے بعد ہم مریضوں کا خیال نہ رکھ سکیں۔

میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ گھر سے باہر نکلتے وات شہری ماسک ضرور پہنیں اور سماجی فاصلہ رکھیں،

خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں کورونا وائرس سے ایک روز میں ریکارڈ 30 اموات ہوئی تھیں۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق جاں بحق  ہونے والوں میں 22 مرد اور 8 خواتین شامل تھے۔

صوبائی محکمہ صحت  نے گزشتہ روز کہا تھا کہ  کراچی میں کورونا سے اموات کی تعداد ساڑھے 300 سے تجاوز کرگئی ہے۔ کراچی میں کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 353 ہوگئی ہے۔

آج ملک بھر میں کورونا سے ایک ہی دن میں 78 اموات ہوئیں  جبکہ گذشتہ روز 57 اموات ہوئی تھیں.

پہلی بار پاکستان میں کورونا وائرس سے دو دن میں سو سے زیادہ اموات رجسٹرڈ ہوئیں، دو دن میں ریکارڈ 135 اموات جب کہ 5 ہزار کیسز رجسٹرڈ ہوئے۔

پاکستان میں ایک روز میں کورونا سے مزید 78 افراد زندگی کی بازی ہارگئے، جس کے بعد ملک بھر میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 1395 ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی ادارہ صحت کا انتباہ: کورونا دوبارہ شدت پکڑ سکتا ہے

ملک بھر میں  کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 64 ہزار 457 تک پہنچ گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 2 ہزار429 کیسز رپورٹ ہوئے اور مجموعی طور پر 24 ہزار 131 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض سندھ میں ہیں جہاں تعداد 26 ہزار 113 تک پہنچ گئی ہے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے پنجاب میں 24 ہزار104، خیبرپختونخوا 9 ہزار 67، بلوچستان 4,087، اسلام آباد 2,192، گلگت بلتستان 660 اور آزاد کشمیر میں 234 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں جہاں 445 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 427، پنجاب میں 439، اسلام آباد میں 23، گلگت بلتستان میں 9، بلوچستان میں 46 اور آزاد کشمیر میں 6 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں